اسلام آباد: نومنتخب وزیراعظم شہبازشریف کی وزیراعظم ہاؤس آمد پرانہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔وزیراعظم ہاؤس آمد پر وزیراعظم شہبازشریف کومسلح افواج کے چاق وچوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ نومنتخب وزیراعظم نے گارڈ آف آنرکا معائنہ کیا۔
شہبازشریف گزشتہ روز پاکستان کے 23ویں وزیراعظم منتخب ہوئے تھے۔وزیراعظم شہبازشریف کا بیان میں کہنا تھا کہ ہماری ترجیح مہنگائی پرقابو پاکر کرعوام کوریلیف فراہم کرنا ہوگی۔ ہم سب مل کرپاکستان کوعظیم قوم بنائیں گے۔ دیگرممالک سے باہمی احترام اوربرابری کے بنیادپرتعلقات استوارکریں گے۔
سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد ایوان نےاپوزیشن جماعتوں کے امیدوار شہبازشریف کوملک کا وزیراعظم منتخب کیا تھا۔ پی ٹی آئی نے شاہ محمود قریشی کووزیراعظم کا امیدوار نامزد کیا تھا تاہم پی ٹی آئی ارکان نے بعد میں انتخاب کا بائیکاٹ کرتے ہوئے اجتماعی استعفے دے دئیے تھے۔
ادھر مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنااللہ کو کابینہ میں وزارت داخلہ اور مریم اورنگزیب کو اطلاعات کا قلمدان دیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کےمطابق وزیراعظم شہبازشریف آج اتحادی جماعتوں کے سربراہوں سے ملاقاتیں کریں گے جس میں وفاقی کابینہ میں حصہ داری کےحوالے سے فیصلہ کیاجائےگا۔ذرائع کا کہنا ہےکہ آج وفاقی کابینہ کے ناموں کو حتمی شکل دی جائےگی اور آج رات تک کابینہ کا اعلان کر دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق نئی کابینہ میں رانا ثنااللہ کو وزارت داخلہ اور مریم اورنگزیب کو وزارت اطلاعات کا قلمدان دیے جانے کا امکان ہے۔واضح رہےکہ گزشتہ ہفتے اپوزیشن کے اجلاس میں سابق صدر آصف زرداری نے بھی رانا ثنااللہ کو وزیر داخلہ کہہ کر مخاطب کیا تھا۔