وزیر اعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے صدر اور ان کی اہلیہ کو آموں کا تحفہ دے دیا، دونوں کے درمیان دلچسپ گفتگو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
وزیر اعظم اور ترک صدر اور ان کی اہلیہ کے درمیان خوشگوار انداز میں گفتگو ہوئی جس میں پاکستانی آموں کی بھی تعریف ہوئی۔
صدر طیب اردوان کی حلف برداری کی تقریب سے روانگی کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر اور ان کی اہلیہ کے درمیان دلچسپ گفتگو ہوئی۔
وزیراعظم نے رجب طیب اردوان کو بتایا کہ پاکستان کے عوام ترکیہ کے عوام سے بھی زیادہ آپ کے انتخاب پر خوش ہیں۔
شہباز شریف نے تقریب حلف برداری میں شرکت کی دعوت پر صدر اردوان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ کی دعوت کا بہت شکریہ، آپ نے اپنی خوشیوں میں ہمیں شریک کیا۔
انہوں نے رجب طیب اردوان سے کہا کہ وہ ان کے لیے آموں کا تحفہ لائے ہیں، آدھے آم آپ کے لیے اور آدھے آپ کی اہلیہ کے لیے ہیں۔
وزیراعظم کی بات پر ترکیہ کے صدر اور ان کی اہلیہ بے ساختہ مسکرا دئیے اور شکریہ ادا کیا۔
طیب اردوان نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ انہیں علم ہے کہ پاکستان کے آم بہت لذیذ اور میٹھے ہوتے ہیں۔
اس دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے رجب طیب اردوان کے صدر بننے پر خصوصی بورڈ پر تہنیتی پیغام اور دستخط تحریر کیے۔
یاد رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر 3 جون کو ترکیہ روانہ ہوئے تھے جہاں انہوں نے انقرہ میں ترکیہ کے صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی تھی۔
اس دوران شہباز شریف نے 28 مئی کو ترکیہ کے انتخابات میں صدر منتخب ہونے پر پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے رجب طیب اردوان کو مبارک باد دی۔
خیال رہے کہ 28 مئی کو ترکیہ میں ہونے والے انتخابات میں ترکیہ کی اپوزیشن کے خواب اس وقت چکنا چور ہوگئے تھے جب صدر رجب طیب اردوان نے اپنی دو دہائیوں سے جاری حکمرانی کو 2028 تک بڑھانے کے لیے تاریخی رن آف الیکشن میں باآسانی کامیابی حاصل کی تھی۔
طیب اردوان نے 14 مئی کو پہلے راؤنڈ میں سیکولر حریف کمال کلیچدار اوغلو کو تقریباً 5 فیصد پوائنٹس سے شکست دے کر توقعات سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا، تاہم وہ واضح فتح حاصل کرنے سے جزوی طور پر پیچھے رہ گئے تھے جس کے سبب حتمی فیصلہ ترکیہ کے پہلے رن آف الیکشن میں ہوا۔
(بشکریہ:ڈان نیوز)
فیس بک کمینٹ