لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے پنجاب کے سینئر وزیر علیم خان کو حراست میں لے لیا۔ ذرائع کے مطابق نیب لاہور نے علیم خان کو آف شور کمنپی اسکینڈل اور آمدن سے زائد اثاثوں کی تفتیش کے لیے آج طلب کیا تھا جس کے لیے وہ نیب آفس پہنچے جہاں انہیں حراست میں لے لیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ نیب نے علیم خان کو آف شور کمپنی اسکینڈل میں حراست میں لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق علیم خان پونے گیارہ بجے کے قریب ٹھوکرنیاز بیگ پر موجود نیب کے دفتر پہنچے جہاں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج جس حوالے سے طلب کیا گیا اس پر واپسی پر بات کروں گا۔
ذرائع نے بتایا کہ نیب کے دفتر سے علیم خان کا اسٹاف اکیلے روانہ ہوا اور سینئر وزیر نیب کے دفتر سے باہر نہیں آئے۔ نیب سینئر وزیر علیم خان کے خلاف بیرون ملک جائیداد، آمدن سے زائد اثاثوں اور آف شور کمپنی کے حوالے سے تفتیش کررہا ہے، اس سلسلے میں علیم خان آج چوتھی مرتبہ نیب کے سامنے پیش ہوئے، وہ آخری مرتبہ 8 اگست کو نیب کے سامنے پیش ہوئے جس کےبعد انہیں ایک سوالنامہ دیا گیا اور 6 فروری کو طلب کیا گیا تھا۔