لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ بااختیار لوگوں سے بات چیت کے لیے کمیٹی بنا رہا ہوں، جو دو نکات پر بات چیت کرے گی اور اگر میری ٹیم کو قائل کردیا گیا تو پیچھے ہٹ جاؤں گا۔
قوم سے خطاب میں عمران خان نے دعویٰ کیا کہ میرے گھر کے ارد گرد انٹرنیٹ سروس منقطع کردی گئی ہے، آجکل جو یزیدیت اور ظلم ہورہے ہیں اُن کی تاریخ نہیں ملتی، ہمارے دس ہزار سے زائد گرفتار کارکنوں کو چھوٹے پنجروں میں بھوکا پیاسا رکھا ہوا ہے جبکہ انہیں وکیلوں سے ملنے نہیں دیا جارہا۔
عمران خان نے کہا کہ ہمارے کارکنوں کو ایسے رکھا ہوا ہے جیسے ملک دشمن ہیں جبکہ قانون میں تو جنگی مجرم کے بھی کچھ حقوق ہوتے ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ کورکمانڈر کے گھر کا منصوبہ پہلے سے بنا ہوا تھا، جس کی تفتیش ہوگی تو سب ثابت ہوجائے گا اور اسی منصوبے کے تحت پی ٹی آئی کیخلاف کریک ڈاؤن کیا جارہا ہے، کارکنان کے علاوہ ہمدردوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
’مظالم سے بچنے کیلیے جادو کا واحد راستہ پی ٹی آئی چھوڑنا ہے‘
انہوں نے کہا کہ اس وقت مظالم سے بچنے کے لیے جادو کا ایک واحد راستہ پی ٹی آئی سے علیحدگی اختیار کرنا ہے اور پیش کش کی جارہی ہے کہ پارٹی چھوڑنے والے کے سارے گناہ معاف کردیے جائیں گے اگر پی ٹی آئی کا ساتھ نہ چھوڑا تو بدترین ظلم اور تشدد ہوگا۔
(بشکریہ:ایکسپریس نیوز)
فیس بک کمینٹ

