ملتان:معروف شاعر اجمل سراج کا تعلق اگرچہ کراچی سے تھا لیکن ان کا ملتان بھی بہت مضبوط تھا ۔ ان کا یہاں وسیع حلقہ احباب تھا اور ان کا ملتان کے شاعروں اور ادیبوں کے ساتھ ذاتی تعلق تھا ۔ ان خیالات کا اظہار ملتان کے ادیبوں اور شاعروں نے اجمل سراج کی وفات پر اے پی پی کے ساتھ بات چیت کے دوران کیا اجمل سراج آج صبح کراچی میں انتقال کر گئے ۔ معروف شاعر قمر رضا شہزاد نے کہا کہ ہم ایک محبت کرنے والے شاعر سے محروم ہو گئے ۔ وہ ایک زندہ دل ، محبت کرنے والا اور باغ و بہار طبیعت رکھنے والا دوست تھا ۔ اس نے کسی بیساکھی کا سہارا لیے بغیر خود کو تسلیم کرایا ۔ شاکر حسین شاکر نے کہا اجمل سراج کے ساتھ ہماری1986سے یاد اللہ تھی ۔ وہ ملتان میں لالہ صحرائی کی یاد میں منعقد ہونے والی تقریبات میں شرکت کے لیے دو مرتبہ ملتان آئے ۔ وہ اس کے علاوہ بھی جب کبھی ملتان آتے ان کے ساتھ طویل نشستیں رہتیں ۔ رضی الدین رضی نے کہا کہ میری کتاب کالم پوتل بابا کے میں شامل بہت سے کالم اجمل سراج نے ہی شائع کیے تھے ۔ وہ طویل عرصہ صحافت کے ساتھ منسلک رہے ۔ جرات اظہار کے قائل تھے اور اس حوالے سے کوئی دباؤ خاطر میں نہیں لاتے تھے ۔ ہم ان کی کمی ہمیشہ محسوس کریں گے ۔
فیس بک کمینٹ