اسلام آباد: حکومت کی ممکنہ تبدیلی کے حوالے سے ایک مرتبہ پھر نظریں (قاضی فائز عیسیٰ کے بعد) سپریم کورٹ پر لگی ہوئی ہیں، اگر ایسا ہوتا ہے تو یہ حکمران جماعت نون لیگ کیلئے ایک اور ’’عدالتی تختہ پلٹ‘‘ لیکن پی ٹی آئی کیلئے ’’انصاف کی فراہمی’’ ہوگی۔
حالیہ دنوں میں نون لیگ سے تعلق رکھنے والے وزیر دفاع خواجہ آصف نے خدشہ ظاہر کیا کہ سپریم کورٹ رواں سال اکتوبر نومبر کے بعد 8 فروری کے انتخابات کو ہدف بنا سکتی ہے۔
اس کا مطلب یہ ہوا کہ شہباز حکومت کے خاتمے کا امکان ہے۔ اس کے برعکس، پی ٹی آئی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپنی پارٹی کی طرف سے یہ امید ظاہر کی ہے کہ عدلیہ پی ٹی آئی کو اس کا ’’چوری شدہ‘‘ مینڈیٹ واپس دے گی اور پارٹی رواں سال دسمبر میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہوگی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ نون لیگ کا خوف اور پی ٹی آئی کی امیدیں قاضی فائز عیسیٰ کے بعد سپریم کورٹ کے آئندہ چیف جسٹس منصور علی شاہ سے وابستہ ہیں۔ موجودہ چیف جسٹس اکتوبر کے دوسرے نصف میں ریٹائر ہو رہے ہیں۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی ریٹائرمنٹ کے بعد منصور علی شاہ چیف جسٹس بنیں گے۔
نون لیگ اور پی ٹی آئی کو توقع ہے کہ جسٹس منصور علی شاہ کی قیادت میں سپریم کورٹ 8 فروری کے عام انتخابات کے حوالے سے تنازعات اور کیسز کی سماعت ارجنٹ بنیادوں پر کریں گے جس سے پی ٹی آئی کے حق میں اور نون لیگ کیخلاف فیصلہ آ سکتا ہے۔
جسٹس منصور علی شاہ کی طرف سے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کے کیس میں حال ہی میں لکھے گئے اکثریتی فیصلے کے بعد، وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی کو وہ مل گیا جو اس نے (سپریم کورٹ سے) نہیں مانگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک ایجنڈا تھا کہ 8 فروری کے انتخابات کو ہدف بنایا جائے گا اور اس کیلئے اکتوبر یا نومبر کا انتظار کیا جائے گا۔
سپریم کورٹ کے 12 جولائی کو پی ٹی آئی کے حق میں مخصوص نشستوں کے فیصلے کے حوالے سے خواجہ آصف نے عدالتوں سے کہا کہ وہ ’’سیاسی فیصلے‘‘ سنانے سے گریز کریں اور ایسے فیصلے سنائیں جن سے اُن کے احترام میں اضافہ ہو۔ خواجہ آصف نے سوال اٹھایا کہ اس وقت عدلیہ نے 2018 کے انتخابی نتائج کا نوٹس کیوں نہیں لیا؟
کیا انہوں نے 2018 کے عام انتخابات کا نتیجہ نہیں دیکھا؟ کچھ دن بعد، پی ٹی آئی کے رہنما اسد قیصر نے امید ظاہر کی کہ مشکلات کا شکار پارٹی کے حالات بہتر ہو جائیں گے اور وہ موجودہ حکمرانوں کو بے دخل کرنے کیلئے درکار ’’جادوئی نمبر‘‘ کے حصول کے بعد پی ٹی آئی دسمبر میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں آ سکتی ہے۔
انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے امید ہے کہ دسمبر تک صورتحال بہتر ہو جائے گی اور یقین ہے کہ ہمیں [قومی اسمبلی میں] حکومت بنانے کیلئے کافی نشستیں مل جائیں گی۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے 8 فروری کے انتخابی نتائج میں مبینہ ہیرا پھیری کیخلاف پارٹی کی درخواستوں کو سمیٹنے کیلئے عدلیہ سے امیدیں وابستہ کیں۔
اسد قیصر نے کہا کہ ’’فارم 45کی بنیاد پر الیکشن جیتنے والے کامیاب امیدواروں‘‘ کی درخواستوں پر جلد فیصلے کیلئے پی ٹی آئی عدلیہ کی طرف دیکھ رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن ٹربیونلز میں دائر درخواستوں پر فیصلے سے قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے ارکان کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس سال دسمبر تک پی ٹی آئی مرکز میں اپنی حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہو سکتی ہے۔
(بشکریہ:جیونیوز)
فیس بک کمینٹ