اسلام آباد:قومی اسمبلی نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے خلاف غیر آئینی احکامات جاری کرنے پر قرار داد مذمت منظور کر لی۔
اسپکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت ہونے والے قومی اسمبلی اجلاس میں صدر عارف علوی کے خلاف پیش کی گئی قرارداد میں کہا گیا کہ صدر مملکت نے گورنر پنجاب کی تقرری کے معاملے میں غیر آئینی احکامات جاری کیے۔
مذمتی قرارداد میں کہا گیا کہ صدر مملکت نے ایوان صدر کے دفتر کا غیر آئینی استعمال کیا، ایوان سمجھتا ہے کہ آئین کے مطابق ہر شہری آئین کا تابع ہے، صدر پاکستان بھی آئین کے تحفظ اور دفاع کے پابند ہیں۔
قرارداد کےمتن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ صدر کی طرف سے بیان کردہ غیر آئینی مؤقف پر ایوان کو شدید اعتراض ہے، صدر کا آئین سے انحراف عہدے اور پارلیمانی جمہوریت کے خلاف ہے، صدر پر ایوان زور دیتا ہے کہ وہ غیر جانبدار رہ کر آئین کے مطابق ذمہ داریاں ادا کریں۔
قومی اسمبلی نے صدر مملکت کے خلاف پیش کی گئی مذمتی قرارداد منظور کر لی جبکہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) نے قرارداد پیش کیے جانے کی مخالفت کی۔
(بشکریہ: جیو نیوز)
فیس بک کمینٹ