لاہور:گزشتہ چند برس سے سوشل میڈیا پر پاکستان کے معروف لوک اور عوامی گلوکار عطا اللہ خان عیسیٰ خیلوی کی علالت سے متعلق افواہیں وائرل ہوتی رہی ہیں۔
حال ہی میں ایک مرتبہ پھر افواہیں گردش کررہی ہیں کہ عطااللہ خان عیسیٰ خیلوی علالت کے بعد انتقال کر گئے، جس پر انہوں نے وضاحت جاری کی ہے۔
عطااللہ خان عیسیٰ خیلوی کی جانب سے اپنے فیس بک پیچ پر پوسٹ کی گئی جس میں انہوں نے ایسی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا۔
لوک گلوکار نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ میرے بارے میں ایک بار پھر غلط خبریں زیر گردش ہیں، آپ کی دعاؤں سے میں بالکل ٹھیک ہوں، الحمداللہ۔
بعدازاں انہوں نے فیس بک پیچ پر ایک لائیو ویڈیو بھی شیئر کی جس میں انہوں نے ان افواہوں کی تردید کی۔
عطااللہ عیسیٰ خیلوی نے کہا کہ میں اپنے تمام دوستوں، عزیزوں کا احسان مند ہوں جنہوں نے مجھے فون کیا اور اللہ کا شکر ہے کہ میں بالکل ٹھیک ہوں اور 5 سے 6 گھنٹے کی ڈرائیو کے بعد لاہور پہنچا ہوں۔
خیال رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ عطا اللہ خان عیسیٰ خیلوی کو اپنی زندگی سے متعلق پھیلنے والی جھوٹی خبروں پر وضاحت کرنی پڑی ہو، اس سے قبل بھی انہوں نے یا ان کے اہلخانہ نے ایسی ہی جھوٹی خبروں پر وضاحت جاری کی تھی۔
(بشکریہ: ڈان نیوز)
فیس بک کمینٹ