تربت:بلوچستان کے عہد ساز شاعر مبارک قاضی طویل علالت کے بعد ہفتے کے روز تربت میں انتقال کرگئے۔
مبارک قاضی بلوچستان کے معروف ادیب بابو عالم کے گھر پر مہمان تھے۔ وہیں ان کا انتقال ہوا۔مبارک قاضی نے نصف صدی تک بلوچی زبان وادب کی خدمت کی۔انہیں بلوچ لکھاریوں نے احترام اور عزت کے ساتھ ابا قاضی کا لقب دیاتھا۔ شاعری کے میدان میں ان کی منفرد پہچان تھی۔ وہ بلوچ عوام کے حقوق کی جدوجہد میں بھی اپنی شاعری کے ذریعے کردارادا کرتے رہے۔
دریں اثناءبلوچ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن (بی ایس او)نے بزرگ انقلابی شاعر مبارک قاضی کی وفات کو قومی سانحہ قراردیاہے۔ ایک تعزیتی پیغام میں بی ایس او کے ترجمان نے کہاکہ مبارک قاضی نے اپنی دھرتی کے حقوق کے لیے قیدوبند کی صعوبتیں بھی برداشت کیں۔انہوں نے یہاں ہونے والے مظالم کو اپنی شاعری کاحصہ بنایا۔ تعزیتی پیغام میں کہا گیا ہے کہ بلوچ قوم ایک عظیم شاعر سے محروم ہوگئی۔