اسلام آباد : سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی قریبی دوست فرح گوگی کے خلاف کرپشن کیس کی تحقیقات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ ترجمان اینٹی کرپشن پنجاب کا کہنا ہے کہ سکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) سے فرح گوگی کی تعمیراتی کمپنی کا ریکارڈ طلب کیا گیا ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن نے فرح گوگی کی ہاؤسنگ سوسائٹی کا ریکارڈ بھی طلب کیا ہے۔اینٹی کرپشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گوجرانوالہ ہاؤسنگ سوسائٹی کی ڈویلپمنٹ کے حوالے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔یاد رہے کہ چند روز قبل مسلم لیگ ن نے اربوں روپے کے کرپشن کیسز میں فرح گوگی کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کا اعلان کیا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فرح گوگی بشریٰ بی بی کے خلاف وعدہ معاف گواہ بننے پر رضا مند ہو گئی ہیں جس کے بعد پہلے مرحلے میں بشریٰ بی بی پر ہاتھ ڈالا جائے گا اور ان کی گرفتاری کے بعد کرپشن میں ملوث دیگر افراد کے خلاف بھی کارروائی ہو گی ۔
سرکاری اراضی پر قبضے کے الزام میں بشری بی بی کے بھائی احمد مجتبی کے گرد اینٹی کرپشن پنجاب نے گھیرا تنگ کرلیا ہے۔ اینٹی کرپشن پنجاب نے احمد مجتبی کو تحقیقات کے لیے طلب کرلیا ہے۔
آئی پی ایس نیوزکے مطابق بشری بی بی کے بھائی احمد مجتبی پر دیپال پور میں سرکاری اراضی پر قبضے کا الزام ہے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے سرکاری مارکیٹ کی زمین غیرقانونی طور پر لیز پر دی اور چیئرمین مارکیٹ کمیٹی کے ذریعے سرکاری زمین پر قبضہ کرایا جس سے قومی خزانے کو 20 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔
اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ دیپال پور میں سرکاری جگہ پر قبضہ کرا کر دکانیں تعمیر کی گئیں۔ اینٹی کرپشن حکام نے بشری بی بی کے بھائی احمد مجتبی کو تحقیقات کے لیے 6 جولائی کو اینٹی کرپشن مرکز ساہیوال میں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔
ادھر وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہےکہ بشریٰ بی بی اداروں کے خلاف مہم چلانے کی ہدایات دیتی رہیں اور سائفر سے متعلق خط بھی بشریٰ بی بی کی ہدایت پر نکالا گیا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران مریم اورنگزیب نے سابق وزیراعظم عمران خان کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو سب کچھ اس وقت یاد آتا ہے جب ان کے اسکینڈل سامنے آئے، تحقیقات کا عمل تیز ہوچکا ہے آپ کی چوریاں سامنے آئیں گی، بنی گالہ میں ہیروں کا کاروبار، زمینوں پر قبضے اور توشہ خانہ کے ریٹس لگائے جارہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اگر بیرون ملک سازش ہوئی تھی تو آپ نے 8 مارچ کوکیوں نہیں بتایا،کیوں جوڈیشل کمیشن نہیں بنا، اب عوام کوآپ نے بتانا کچھ نہیں ہے آپ نے عوام کو جواب دینا ہے۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ عمران خان کہتے تھے کہ بشریٰ بی بی گھریلو خاتون ہیں، اب عمران خان یہ بھی بتائیں کہ کیوں بشریٰ بیگم ٹرینڈز جاری کرنے کی ہدایت جاری کرتی ہیں، سائفر سے متعلق خط بشریٰ بی بی کی ہدایت پر نکالا گیا، بشریٰ بی بی اداروں کے خلاف مہم چلانے کی ہدایات دیتی رہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بزنس ٹرانزیکشن فرح گوگی اور بشریٰ بی بی کے درمیان ہوتی رہیں، اب بشریٰ بی بی کہتی ہیں بچی فرح کو کرپشن کے ساتھ جوڑا جائے گا تو غداری کے ٹرینڈ چلاؤ۔
فیس بک کمینٹ