Close Menu
  • مرکزی صفحہ
  • اہم خبریں
    • عالمی خبریں
    • تجزیے
  • English Section
  • ادب
    • لکھاری
    • مزاح
    • افسانے
    • شاعری
    • کتب نما
  • کالم
  • سائنس و ٹیکنالوجی
  • علاقائی رنگ
    • پنجاب
      • لاہور
      • اوکاڑہ
      • خانیوال
      • پاکپتن
      • چکوال
      • جہلم
      • اٹک
      • گوجرانوالا
      • سیالکوٹ
      • گجرات
      • قصور
      • فیصل آباد
      • راولپنڈی
      • نارووال
    • سرائیکی وسیب
      • ملتان
      • ڈی جی خان
      • رحیم یار خان
      • لیہ
      • میانوالی
      • جھنگ
      • بہاول پور
      • راجن پور
      • مظفر گڑھ
      • وہاڑی
      • بہاول نگر
    • سندھ
      • کراچی
    • بلوچستان
      • کوئٹہ
      • ہرنائی
    • خیبر پختونخوا
      • شانگلہ
    • گلگت بلتستان
    • کشمیر
  • کھیل
    • پاکستان سپر لیگ
    • کرکٹ ورلڈ کپ2019
  • تجارت
  • جہان نسواں
  • وڈیوز
    • لایئوٹی وی چینلز
Facebook X (Twitter)
جمعرات, جنوری 15, 2026
  • پالیسی
  • رابطہ
Facebook X (Twitter) YouTube
GirdopeshGirdopesh
تازہ خبریں:
  • محسن نقوی: رومانوی شاعر اور ذاکر کی ہمہ جہت شخصیت : ڈاکٹر علی شاذف کا اختصاریہ
  • ٹال مٹول ختم ، ملتانی اب ٹال زون کو نہیں ٹال سکیں گے : شہزاد عمران خان کا کالم
  • سعید مہدی کی گواہی : جب بھٹو نے ضیاء کے نام معافی نامہ لکھنے سے انکار کیا : حامد میر کا کالم
  • امریکہ نے پاکستان سمیت 75 ممالک کے شہریوں کے لیے امیگرنٹ ویزا روک دیا
  • جمہوریت سے ناخوش امریکہ کی اگلی چال کیا ہو گی ؟ ۔۔ نصرت جاوید کا کالم
  • طاقت کا کھیل ۔۔’’ فلسطین میں بچے بڑے نہیں ہوتے : یاسر پیرزادہ کا کالم
  • آتش فشاں کے دہانے پر ایران ،رضا شاہ اور فرح دیبا کا تذکرہ : کوچہ و بازار سے / ڈاکٹر انوار احمد کا کالم
  • ایرانی حکومت کے دن گنے جا چکے : جرمنی : ہلاکتوں کی تعداد 2000 سے تجاوز کر گئی : رائٹرز
  • امریکہ نے دھمکی دی بے نظیر اس کے باوجود مقتل کی طرف چل دیں : نصرت جاوید کا کالم
  • بلوچستان میں 10 لاشوں کی برآمدگی کا معمہ: ’ہم پر غم کے پہاڑ گرا دیے گئے‘ ۔۔لا پتا افراد کے ورثاء
  • مرکزی صفحہ
  • اہم خبریں
    • عالمی خبریں
    • تجزیے
  • English Section
  • ادب
    • لکھاری
    • مزاح
    • افسانے
    • شاعری
    • کتب نما
  • کالم
  • سائنس و ٹیکنالوجی
  • علاقائی رنگ
    • پنجاب
      • لاہور
      • اوکاڑہ
      • خانیوال
      • پاکپتن
      • چکوال
      • جہلم
      • اٹک
      • گوجرانوالا
      • سیالکوٹ
      • گجرات
      • قصور
      • فیصل آباد
      • راولپنڈی
      • نارووال
    • سرائیکی وسیب
      • ملتان
      • ڈی جی خان
      • رحیم یار خان
      • لیہ
      • میانوالی
      • جھنگ
      • بہاول پور
      • راجن پور
      • مظفر گڑھ
      • وہاڑی
      • بہاول نگر
    • سندھ
      • کراچی
    • بلوچستان
      • کوئٹہ
      • ہرنائی
    • خیبر پختونخوا
      • شانگلہ
    • گلگت بلتستان
    • کشمیر
  • کھیل
    • پاکستان سپر لیگ
    • کرکٹ ورلڈ کپ2019
  • تجارت
  • جہان نسواں
  • وڈیوز
    • لایئوٹی وی چینلز
GirdopeshGirdopesh
You are at:Home»تازہ ترین»عرفان صدیقی کا کالم : اَب جج فیصلے نہیں، خط لکھتے ہیں!
تازہ ترین

عرفان صدیقی کا کالم : اَب جج فیصلے نہیں، خط لکھتے ہیں!

رضی الدین رضیفروری 11, 20250 Views
Facebook Twitter WhatsApp Email
irfan siddiqi
Share
Facebook Twitter WhatsApp Email

کچھ عرصہ قبل سامنے آنیوالی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی عدلیہ 142 ممالک میں 130 ویں اور خطے کے چھے ممالک میں پانچویں نمبر پر تھی۔ اِس مقامِ بلند پر فائز ہونے کا واحد محرّک عزت مآب جج صاحبان کی اپنی کارکردگی تھی کیوں کہ اُس وقت نہ چھبیسویں ترمیم آئی تھی، نہ’ اُمید سے‘ بیٹھے کسی جج کی ’’حق تلفی‘‘ ہوئی تھی، نہ کوئی آئینی بینچ تشکیل پایا تھا، نہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں تین جج صاحبان کا تبادلہ ہوا تھا، نہ کوئی نئی انتظامی کمیٹی بنی تھی اور نہ کسی کی سنیارٹی تہ وبالا ہوئی تھی۔ قوی اُمید ہے کہ ’’مکتوب نویسی‘‘ کے تازہ اُبھار کے بعد، وہ کئی درجے اُوپر چلی جائے گی ۔
روایتی طورپر جج عظمتِ کردار، آئین وقانون پر مضبوط گرفت اور عمدہ فیصلہ نویسی کے حوالے سے جانے جاتے ہیں۔ ہمارے ہاں بھی ایسے چند نام درخشاں ستاروں کی طرح دمک رہے ہیں۔ اگر صرف شعری وادبی چاشنی کے حامل فیصلوں کے حوالے سے دیکھا جائے تو جسٹس اے۔آر۔کارنیلئیس، جسٹس حمودالرحمن، جسٹس بدیع الزماں کیکائوس، جسٹس شفیع الرحمن، جسٹس محمد حلیم، جسٹس ایم۔آر۔کیانی اور جسٹس تصدق حسین جیلانی کے لکھے ہوئے فیصلے اُن صاحبانِ ذوق کو بھی آسودگی بخشتے ہیں جو آئین وقانون کی موشگافیوں کے بجائے، صرف تحریر کی لطافت کا لطف لیتے ہیں۔ المیہ یہ ہوا کہ بالعموم، عدلیہ نے اپنی آئینی ترجیحِ اوّل، عدل کی کارفرمائی کو ’’ریٹائرنگ روم‘‘ میں پھینک دیا اور فیصلے ماحولیاتی آلودگی کا شکار ہوکر بے توقیر ہوتے چلے گئے۔ اعلیٰ عدلیہ کا ہر جج، ایوانِ عدل میں قدم رکھنے سے پہلے اللہ تعالیٰ کو حاضر ناظر جان کر حلف اٹھاتا ہے کہ ’’۔۔میں اپنے ذاتی مفاد کو سرکاری کام یا اپنے عدالتی فیصلوں پر اثرانداز نہیں ہونے دوں گا۔۔۔ اور یہ کہ میں ہر حال میں ہر قسم کے لوگوں کے ساتھ بلا خوف ورعایت اور بلارغبت وعناد، قانون کے مطابق انصاف کروں گا۔‘‘ لیکن نہایت تلخ حقیقت یہ ہے کہ ’’خوف، رعایت، رغبت اور عناد‘‘ کے چھینٹے کم وبیش ہر عدالتی فیصلے پر نظرآتے ہیں۔ ابھی ابھی تمام ہونے والی دہائی میں عدلیہ کی کوکھ سے، دو دو تین تین سَروں والے ایسے ایسے عجیب الخلقت بچھڑوں نے جنم لیا کہ زمین وآسمان ششدر رہ گئے۔ ستم یہ کہ زبان وبیان اور اسلوبِ تحریر کے حوالے سے بھی فیصلوں کا لب ولہجہ، کوچہ وبازار کی تُوتکار جیسا ہوچلا ہے۔ سو نہ انصاف رہا نہ ذوقِ لطیف کو تسکین بخشنے والی تحریریں۔ خشک سالی کی ماری ہوئی کِشتِ عدل میں اب بے آب ورنگ جھاڑ جھنکار اُگ رہا ہے۔ اس کا کچھ تعلق واسطہ آئینی تشریح وتعبیر سے ہے نہ قانونی نکات کی توضیح وتفسیر سے۔ مفاد اور عناد کی پیلی بیل میں لپٹی ایک مشقِ بے آب ورنگ ہے کہ تیز سے تیز تر ہوتی جا رہی ہے۔اُردو زبان کے آغازِ سفر میں خطوط نویسی یا مکتوب نگاری، روایتی اصنافِ ادب کا حصہ نہیں تھی لیکن مرزا غالب اور ابوالکلام آزاد تک آتے آتے اِس کے عارض ورُخسار پر کچھ ایسا نکھار آیا کہ کئی حسینانِ اصنافِ ادب منہ چھپاتی پھریں۔ ’عود ہندی‘ ’اُردوئے معلّیٰ‘ اور ’غُبارِ خاطر،‘ ادب کے عظیم شہ پارے خیال کئے جانے لگے۔ ابھی کچھ دِنوں سے یکایک علمی وادبی اداروں کے بانجھ پن کا ازالہ کرنے کی ذمہ داری ہماری خوش ذوق عدلیہ کے کچھ علم دوست اور ادب شناس جج صاحبان نے سنبھال لی ہے۔ خط کو کُلّی طورپر شخصی، ذاتی اور انفرادی عمل تصور کیاجاتا ہے جو کسی فردِ واحد کے جذبہ واحساس کی ترجمانی کرتا ہے۔ ایسا کبھی نہیں ہوتا کہ کوئی خط، ایک سے زیادہ افراد نے تخلیق کیا ہو۔ متعدد شخصیات کی ترجمانی کرنے والی تحریر، معروف معنوں میں ہرگز ’’خط‘‘ نہیں کہلا سکتی۔ اُسے عرضی، درخواست، پٹیشن، فریاد یا کوئی بھی ایسا نام دیا جاسکتا ہے۔ ماضی قریب میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے خط نویسی کی طرح ڈالی لیکن یہ اُن کی انفرادی سوچ کی حامل تحریریں تھیں ،اِس لئے خط ہی کے زمرے میں شمار ہوئیں لیکن گزشتہ برس، مارچ 2024میں یکایک اسلام آباد ہائی کورٹ کے چھ معزز جج صاحبان کا مشترکہ خط اِس دھماکے کے ساتھ سامنے آیا کہ آج تک اُس کی گونج تھمنے میں نہیں آ رہی۔ ’’خط‘‘ کا مرکزی موضوع یہ شکایت تھی کہ ’’ایک طاقت وَر ایجنسی ہمیں چھیڑتی اور ڈراتی ہے۔‘‘ کوئی پوچھے کہ جب آپ نے اللہ کو حاضرناظر جان کر، کسی سے خوف زدہ نہ ہونے کی قسم کھا رکھی ہے تو یہ شکایت کیسی؟ لیکن ’خط‘ کا یہ مطالبہ اس سے بھی زیادہ مضحکہ خیز تھا کہ ’’ایک ایجنسی پر لگائے گئے جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے الزامات کی تحقیقات کی جائیں۔‘‘ جسٹس صدیقی نے یہ آواز، اپنا سب کچھ دائو پر لگاکر، وکلاء کے ایک بڑے اجتماع میں،ستمبر2018میں اٹھائی تھی جب کوئی ڈیڑھ ماہ بعد اُسے چیف جسٹس بننا تھا۔11 اکتوبر2018کو صدر عارف علوی کی طرف سے ایجنسی گزیدہ شوکت صدیقی کی معزولی کا فرمان جاری ہوا۔تب کم ازکم چیف جسٹس انور خان کاسی، جسٹس اطہر من اللہ اور مکتوب نویسِ اعلیٰ جسٹس محسن اختر کیانی، اسلام آباد ہائی کورٹ کا حصّہ تھے۔ کسی نے سِسکِی تک نہ لی۔ نہ کوئی ردّعمل، نہ رسمی بیان، نہ احتجاج، نہ کوئی ریمارکس، نہ مذمت، نہ ایجنسی کے ضمن میں کوئی مطالبہ ، نہ کوئی خط۔ دیکھتے دیکھتے اِن کے سب سے سینئر رفیق کار کو ریاستی غیظ وغضب کے کولہو میں پیس کر، گنے کے پھوگ کی طرح کسی ’کچرا کُنڈی‘ میں پھینک دیا گیا ۔ کوئی اُسے پُرسا تک دینے نہ گیا۔ اُس نے بیٹی کی شادی پر سب کو دعوت دی۔ کوئی ایک بھی شریک نہ ہوا۔ خوف کا یہ عالم تھا کہ فون پر بھی مبارک نہ دی۔ چمن کا کاروبار پہلے سے کہیں زیادہ خوش خرامی سے چلتا رہا۔
ٹھیک ایک ماہ سترہ دِن بعد عزت مآب جسٹس اطہرمن اللہ نے بطور چیف جسٹس حلف اٹھالیا۔ 2021اور 2022میں، پی۔ٹی۔آئی کے عہدِ انصاف پرور میں، باقی پانچ مکتوب نگار جج، اسلام آباد ہائی کورٹ کا حصہ بنے۔ اِن سب کو جسٹس شوکت عزیز کی دُہائی اور ایجنسی کے بارے میں تحقیقات کا خیال اُس وقت آیا جب جسٹس صدیقی کو عہدِ ستم گر کا لُقمۂِ تَر ہوئے پانچ سال، پانچ ماہ ، پندرہ دِن گزر چکے تھے۔
26 مارچ2024کو چھ جج صاحبان کے شہرۂِ آفاق خط کے بعد سے، مکتوباتِ عدل کا سلسلہ ساون بھادوں کی برکھا کی طرح جاری ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں زوروں کا مقابلہ چل رہا ہے۔ شاہراہِ دستور پر رنگارنگ کبوتر، سرخ چونچوں میں نیلگوں لفافے لئے، لوٹنیاں کھاتے، اِدھر سے اُدھر اُڑتے دکھائی دیتے ہیں۔ گئے دنوں میں جج صاحبان، چائے کی میز پر مل بیٹھتے تو کسی مقدمے کے اسرارورموز پر بات ہوتی، آئین وقانون کی گتھیاں سلجھائی جاتیں، زیربحث مسئلے پر ماضی کے نظائر دیکھے جاتے، فیصلوں کی نوک پلک سنواری جاتی، لیکن اَب یہ وقت زیادہ تعمیری، مثبت اور ادب افروز مشق کے لئے مخصوص ہوچکا ہے۔ اَب عالی مقام جج صاحبان کے مل بیٹھنے کا ایجنڈا یہ ہوتا ہے کہ اَگلا خط کس کے نام لکھنا ہے؟ نفس مضمون کیا ہوگا؟ بیٹی کو کوسنے دیتے ہوئے دراصل روئے سخن کس بہو کی طرف رکھنا ہے؟ بنیادی اُمور طے ہوجانے کے بعد خط لکھنے کی ذمہ داری انگریزی پر دستر س رکھنے والے انشا پرداز کے سپرد کر دی جاتی ہے۔
جج صاحبان کے حلف اور ضابطۂِ اخلاق کے عین مطابق، عدل کی کارفرمائی کا مقدس مشن جاری ہے۔ کچھ عرصہ بعد مرتب ہونے والی ’پی۔ایل۔ڈی‘ (PLD) فیصلوں نہیں، خطوط پر مشتمل ہوگی۔ کوئی ادب شناس وکیل اِن خطوط کو ’’غُبارِ خاطر‘‘ کے انداز میں ’’گردوغبارِعدل‘‘ کے نام سے مرتب بھی کرسکتا ہے۔
(روزنامہ جنگ)

فیس بک کمینٹ

  • 0
    Facebook

  • 0
    Twitter

  • 0
    Facebook-messenger

  • 0
    Whatsapp

  • 0
    Email

  • 0
    Reddit

عرفان صدیقی کالم
Share. Facebook Twitter WhatsApp Email
Previous Articleپچھلی پوسٹ
Next Article نصرت جاوید کا کالم : عمران خاں کی رہائی کے لئے امریکی سینیٹر جووِلسن کی منطق
رضی الدین رضی
  • Website

Related Posts

آتش فشاں کے دہانے پر ایران ،رضا شاہ اور فرح دیبا کا تذکرہ : کوچہ و بازار سے / ڈاکٹر انوار احمد کا کالم

جنوری 13, 2026

امریکہ نے دھمکی دی بے نظیر اس کے باوجود مقتل کی طرف چل دیں : نصرت جاوید کا کالم

جنوری 13, 2026

نشانیاں ’ چیزیں ‘ نہیں ہوتیں : گھی کے ڈبے میکے کے باورچی خانے اور ابا کی یادیں : ڈاکٹر خدیجہ وکیل کا کالم

جنوری 12, 2026

Comments are closed.

حالیہ پوسٹس
  • محسن نقوی: رومانوی شاعر اور ذاکر کی ہمہ جہت شخصیت : ڈاکٹر علی شاذف کا اختصاریہ جنوری 15, 2026
  • ٹال مٹول ختم ، ملتانی اب ٹال زون کو نہیں ٹال سکیں گے : شہزاد عمران خان کا کالم جنوری 15, 2026
  • سعید مہدی کی گواہی : جب بھٹو نے ضیاء کے نام معافی نامہ لکھنے سے انکار کیا : حامد میر کا کالم جنوری 15, 2026
  • امریکہ نے پاکستان سمیت 75 ممالک کے شہریوں کے لیے امیگرنٹ ویزا روک دیا جنوری 15, 2026
  • جمہوریت سے ناخوش امریکہ کی اگلی چال کیا ہو گی ؟ ۔۔ نصرت جاوید کا کالم جنوری 14, 2026
زمرے
  • جہان نسواں / فنون لطیفہ
  • اختصاریئے
  • ادب
  • کالم
  • کتب نما
  • کھیل
  • علاقائی رنگ
  • اہم خبریں
  • مزاح
  • صنعت / تجارت / زراعت

kutab books english urdu girdopesh.com



kutab books english urdu girdopesh.com
کم قیمت میں انگریزی اور اردو کتب خریدنے کے لیے کلک کریں
Girdopesh
Facebook X (Twitter) YouTube
© 2026 جملہ حقوق بحق گردوپیش محفوظ ہیں

Type above and press Enter to search. Press Esc to cancel.