اسلام آباد : الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ڈیجیٹل مردم شماری کے تحت ابتدائی حلقہ بندیوں کی رپورٹ شائع کر دی ہے۔ الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق ابتدائی حلقہ بندیوں کی اشاعت 30 دن یعنی 27 ستمبر سے 26 اکتوبر 2023 تک جاری رہے گی۔
الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ ابتدائی حلقہ بندیوں پر اعتراضات متعلقہ حلقہ کا ووٹر کر سکتا ہے جو سیکریٹری الیکشن کمیشن کے نام میمورنڈم کی صورت میں دائر کیے جا سکتے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق یہ اعتراضات 27 اکتوبر2023 تک اسلام آباد میں واقع الیکشن کمیشن کے دفتر میں جمع کروائی جا سکتی ہیں۔الیکشن کمیشن فریقین کا موقف سننے کے بعد 28 اکتوبر سے 26 نومبر تک ان اعتراضات پر فیصلے صادر کرے گا۔
الیکشن کمیشن نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ ان ابتدائی حلقہ بندیوں پر اعتراضات میمورنڈم کی صورت میں بنام سیکریٹری الیکشن کمیشن پیشں کرنا ہوں گے جس پر متعلقہ ووٹر کے دستخط ہوں گے۔الیکشن کمیشن کے مطابق وہ خود یا اس کا نمائندہ الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ میں قائم سینٹرمیں اسے جمع کرائے گا تاہم بذریعہ کوریئر ، ڈاک اور فیکس وغیرہ بھیجے گئے اعتراضات قابل قبول نہیں ہوں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ابتدائی حلقہ بندیاں اور ان کے نقشہ جات الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ www.ecp.gov.pk پر بھی موجود ہیں ۔
اعلامیے کے مطابق ضلع کے نقشہ جات الیکشن کمیشن سے قیمت ادا کرکے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
ابتدائی رپورٹ میں کراچی کی قومی اسمبلی کی نشستوں کی تعداد 22 ہے جبکہ کراچی کے سات اضلاع میں سندھ اسمبلی کی نشستوں کی تعداد 47 ہے۔اس سے قبل قومی اسمبلی میں کراچی کی نشستوں کی تعداد 21 اور سندھ اسمبلی میں 44 تھی۔
( بشکریہ : جیو نیوز )
فیس بک کمینٹ