اسلام آباد : وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گذشتہ روز مثبت کیسز کی شرح 16.2 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے جو کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے آغاز سے اب تک سب سے زیادہ ہے۔اسلام آباد کے ضلعی ہیلتھ آفیسر کے مطابق گذشتہ روز 5259 ٹیسٹ کیے گئے تھے جن میں سے 856 افراد کے نتائج مثبت آئے ہیں۔ خیال رہے کہ ضلعی انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ شہر میں یکم اپریل سے شادی اور دیگر تمام تقاریب پر پابندی رہے گی۔
پاکستان کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ روز ملک بھر میں 40,369 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 4525 افراد کے نتائج مثبت آئے۔اسی دوران پاکستان میں عالمی وبا سے 41 اموات ہوئیں۔ 28 مارچ کو پاکستان میں مثبت کیسز کی شرح 11.2 فیصد تھی۔
دریں اثنا ء پاکستان میں کورونا کی روک تھام کے لیے قائم این سی او سی نے ان شہروں کی فہرست جاری کی ہے جہاں یومیہ مثبت کیسز کی شرح آٹھ فیصد یا اس سے زیادہ ہے۔ان میں اسلام آباد، بہاولپور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، لاہور، منڈی بہاوٴالدین، ملتان، اوکاڑہ، رحیم یار خان، راولپنڈی، گجرات، شیخوپورہ، سرگودھا، سیالکوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، پشاور، سوات، نوشہرہ، لوئر دیر، مالاکنٹ، صوابی، چارسدہ، ہری پور، مظفرآباد، میرپور اور کوٹلی شامل ہیں۔ کووڈ 19 سے زیادہ متاثرہ شہر ہونے کی وجہ سے یہاں پانچ اپریل سے عید تک انڈور اور آؤٹ ڈور شادی کی تقاریب اور سماجی اجتماعات پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ جبکہ اسلام آباد میں اس پابندی کا اطلاق یکم اپریل سے ہوگا۔
( بشکریہ : بی بی سی اردو )
فیس بک کمینٹ