ملتان : نامور شاعر، نقاد اورمحقق ڈاکٹرمحمدامین کی نئی کتاب” تفہیم وتحسین“شائع ہوگئی ہے ۔ڈاکٹرمحمدامین کی اب تک چالیس کتابیں شائع ہوچکی ہیں اور ’’ تفہیم وتحسین‘‘ ان کی اکتالیسویں کتاب ہے جوگردوپیش پبلی کیشنز کے زیراہتمام شائع ہوئی ہے۔
224صفحات پرمشتمل یہ کتاب ڈاکٹرمحمدامین کے مضامین اورتبصروں کامجموعہ ہے ان میں سے کچھ مضامین مختلف تقریبات میں پڑھے گئے اورکچھ اخبارات وجرائدمیں شائع ہوئے ۔ڈاکٹرمحمد امین نے کتاب کے پیش لفظ میں لکھاہے کہ اس کتاب کے ذریعے بہت سی کتابوں کااحوال یکجا کردیاگیاہے ۔اس کتاب میں سفرناموں کاذکر بھی ہے ،شعری مجموعوں ،ہائیکو،نظموں اورغزلوں کی کتابوں کے ساتھ ساتھ تنقیدی مضامین ناولوں اورافسانوں کی کتابوں پرتبصرے بھی اس میں شامل کئے گئے ہیں ۔کچھ تراجم کاذکر بھی موجودہے اورسرائیکی کتابوں کے بارے میں مضامین بھی اس کتاب کاحصہ ہیں ۔
معروف شاعر اور کتاب کے ناشر رضی الدین رضی نے کتاب میں لکھاہے کہ ان مضامین کے ذریعے ان تمام مصنفین اوران کی تخلیقات کی تفہیم میں مدد ملے گی جن کے بارے میں مضامین اس کتاب کاحصہ ہیں ۔ڈاکٹرمحمد امین نے کتابوں کے انتخاب میں کسی پسند یاناپسند کومدنظرنہیں رکھا یہ کتاب آنے والے دنوں میں ملتان کے ادب پرتحقیق کرنے والے طالب علموں کے لیے مفید ثابت ہوگی ۔بہاءالدین زکریایوینورسٹی ملتان کے شعبہ اردو کی سربراہ ڈاکٹرفرزانہ کوکب کے مطابق ڈاکٹرصاحب کی کتاب قاری کو تفہیم کے ان دیکھے گوشوں میں لے کر جاتی ہے اورایک نیاجہانِ حیر ت ان کے سامنے موجود ہوتاہے ۔قاری جب اس حیرت کے اثرات سے نکلتاہے تو خودکو کتاب اورصاحب کتاب کی تحسین کرتے پاتاہے ۔
فیس بک کمینٹ