ریاض : برطانیہ کی آنجہانی ملکہ الزبتھ کے لیے عمرہ ادا کرنے والے یمنی شخص کو سعودی حکومت کی جانب سے گرفتار کرلیا گیا۔برطانوی اخبار میں شائع شدہ خبر کے مطابق سعودی حکام کی جانب سے گرفتار یمنی شخص کا دعویٰ ہے کہ وہ ملکہ برطانیہ کی روح کو سکون پہنچانے کی غرض سے ان کے لیے عمرہ ادا کرنے مسجد الحرام گیا تھا، مذکورہ شخص کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی پوسٹ کی گئی۔
ویڈیو میں وہ بینر اٹھائے مکہ مکرمہ میں موجود تھا جس پر درج تھا کہ ‘میں نے ملکہ الزبتھ دوم کے لیے عمرہ ادا کیا، خدا سے دعا گو ہوں کہ وہ ملکہ کو جنت میں جگہ دے اور ملکہ کا شمار نیک لوگوں میں کرے’۔
سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوئی تو لوگوں نے سخت تنقید کرتے ہوئے اس شخص کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ۔بعد ازاں سعودی حکام کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ اس شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور اس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔
یاد رہے کہ ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم 8 ستمبر کو انتقال کر گئیں تھیں، ان کی آخری رسومات ویسٹ منسٹر ایبے میں 19ستمبر کو ادا کی جائیں گی۔