اسلام آباد: وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن ترمیمی بل، پاکستان لینڈ پورٹ اتھارٹی کے لیے قانون سازی اور پرائیوٹ سیکیورٹی ریگولیٹری بل کی منظوری دے دی گئی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی صدارت میں وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں وفاقی کابینہ کو آئی ایم ایف کے ساتھ 3 ارب ڈالرکے معاہدے کے خدوخال پر بریفنگ دی گئی۔
دوران اجلاس وفاقی کابینہ نے وزارت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی سفارش پر ہائیر ایجوکیشن کمیشن ترمیمی بل 2023 کی اصولی منظوری دے دی۔ ترمیمی بل کی منظوری سے نہ صرف پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے نظام میں عصرِ نو کے تقاضوں کے مطابق جدت آئے گی بلکہ کمیشن کے معاملات میں شفافیت پیدا ہوگی۔
کابینہ نے وزارت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی سفارش پر وفاقی اُردو یونیورسٹی برائے آرٹس، سائنس اور ٹیکنالوجی ترمیمی بل 2023 کی اصولی منظوری دے دی جس کے بعد یونیورسٹی میں جدید اصلاحات کے ساتھ ساتھ تحقیق کو بھی فروغ ملے گا۔
کابینہ نے وزارت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی سفارش پر نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈیولپمنٹ آرڈیننس 2002 میں بھی ترمیم کی اصولی منظوری دے دی۔ ان تینوں قوانین کا مسودہ سی سی ایل سی میں پیش کیا جائے گا۔
دوران اجلاس وفاقی کابینہ نے وزارتِ تجارت کی سفارش پرافغانستان میں خوراک کی فراہمی کے آپریشن کو جاری رکھنے کے لیے ورلڈ فوڈ پروگرام کی گاڑیوں کے اسپیئر پارٹس کے ایک کنٹینر کی پاکستان کے راستے کراچی سے کابل تک ٹرانزٹ کی اجازت دے دی۔
اجلاس میں وفاقی کابینہ کو اسلام آباد میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، کابینہ کو آگاہ کیا گیا کہ اس منصوبے کے تحت دو قسم کے لائحہ عمل تشکیل دیے گئے ہیں۔
قلیل المدتی پالیسی کے تحت اسلام آباد کے علاقوں بشمول مضافاتی علاقوں سے ویسٹ کلیکشن شروع کی جاچکی ہے جبکہ طویل المدتی پالیسی کے تحت اعلیٰ معیار کی بین الاقوامی کمپنیوں کی خدمات حاصل کرنے کیلیے ٹینڈرز جاری کردیے گئے ہیں۔
وزیرِ اعظم نے اسلام آباد میں اسپتالوں کے فضلے کو تلف کرنے کیلیے موجود انسنریٹرز کی تفصیلات طلب کرلیں، وزیرِ اعظم نے یہ بھی ہدایت کی کہ اسلام آباد میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پلان میں اسپتالوں کے مہلک و زہریلے فضلے کو تلف کرنے کیلیے تجربہ کار کمپنیوں کو علیحدہ سے ذمہ داری سونپی جائے۔
وفاقی کابینہ نے اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری کے لیے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بل کو کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹیو کیسز میں بھیجنے کی اصولی منظوری دے دی۔
وفاقی کابینہ نے پرائیویٹ سیکیورٹی سروسز ریگولیٹری بل 2023 کو سی سی ایل سی میں بھیجنے کی بھی منظوری دی۔ اس بل کے تحت سیکیورٹی کے نظام کی باضابطہ نگرانی کے لیے پرائیویٹ سیکیورٹی سروسز ریگو لیٹری اتھارٹی قائم کی جائے گی۔
اجلاس میں وفاقی کابینہ نے پاکستان لینڈ پورٹ اتھارٹی قائم کرنے کیلیے قانون سازی کی بھی اصولی منظوری دی تاہم ہدایت کی کہ وزارت تجارت کی مشاورت کے بعد قانون سازی کا مسودہ سی سی ایل سی بھجوایا جائے۔
(بشکریہ:ایکسپریس نیوز)
فیس بک کمینٹ