لاہور : چیف آف آرمی اسٹاف (سی او اے ایس) جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دشمن قوتیں پاک فوج اور عوام کے درمیان خلیج ڈالنے اور غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہیں لیکن انشاء اللہ وہ کامیاب نہیں ہوں گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروس پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ آرمی چیف نے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال لاہور (سی ایم ایچ) کا دورہ کیا ہے جہاں انہوں نے میجر حارث کی خیریت دریافت کی جو حال ہی میں سٹرک پر ایک واقعے میں زخمی ہوئے تھے اور یقین دلایا کہ قصورواروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔واضح رہے کہ میجر حارث کو بدھ کے روز مبینہ طور پر مسلم لیگ ن کے ایم پی اے خواجہ سلمان رفیق اور حافظ نعمان کے گارڈز نے زخمی کیا تھا۔
ان کے والد کی جانب سے درج کرائی گئی ایف آئی آر کے مطابق میجر حارث پر فیروز پور روڈ پر اس وقت معمولی جھگڑے کے بعد حملہ کیا گیا جب گاڑیاں ٹکرا گئیں تھیں۔
میجر حارت کے والد نے بتایا تھا کہ ملزمان نے ان کے بیٹے کو لوہے کی سلاخوں سے تشدد کا نشانہ بنا کر زخمی کیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔واقع کے ویڈیو کلپس سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے تھے جن میں دکھایا گیا کہ لوگ فوجی افسر کو لوہے کی سلاخوں سے مار رہے ہیں۔وڈیو کلپس میں فوجی افسر کو سڑک پر بے ہوش پڑا دیکھا جا سکتا تھا، وڈیو میں مشتبہ افراد کو افسر کے ساتھ بدسلوکی کرتے اور دھمکیاں دیتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اپنے دورہ لاہور کے دوران آرمی چیف نے سی ایم ایچ کا دورہ کیا اور میجر حارث کی خیریت دریافت کی جو حال ہی میں روڈ پر پیش آئے ایک واقعے میں زخمی ہوئے تھے۔
اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ زیر حراست ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، انہوں نے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لاہور گیریژن کا دورہ کیا، آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل محمد عبدالعزیز نے ان کا استقبال کیا۔آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ بعد میں آرمی چیف نے دو الگ الگ سیشنز میں گیریژن افسران اور سابق فوجیوں کے ساتھ بات چیت اور تبادلہ خیال کیا۔جنرل قمر جاوید باجودہ نے آپریشنل تیاریوں اور تربیت کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے پر لاہور کور کو سراہا۔
آرمی چیف نے کہا کہ غلط معلومات اور پروپیگنڈے سے ریاستی سالمیت کو خطرہ لاحق ہوتا ہے اور قیاس آرائیوں اور افواہوں کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کرنے کے لیے بروقت اور متحد ردعمل کی ضرورت ہوتی ہے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ فوج اپنی طاقت عوام سے حاصل کرتی ہے اور فوج اور عوام کے درمیان غلط فہمیاں اور دوریاں پیدا کرنے کی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
آرمی چیف نے کہا کہ دشمن قوتیں طویل عرصے سے پاک فوج اور عوام کے درمیان غلط فہمیاں اور پھوٹ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہیں لیکن انشاء اللہ وہ کامیاب نہیں ہوں گی۔
( بشکریہ : ڈان نیوز )
فیس بک کمینٹ