میں نے اپنی مضبوط قوت ارادی‘ بلند حوصلے اور طاقتور سوچ کا استعمال کرتے ہوئے نئے سال کے سارے کاموں کی تفصیل پہلے سے طے کرلی ہے۔ میرے کچھ مخالفین کا خیال ہے کہ ایسی بونگیاں میں ہر سال کے شروع میں مارتا ہوں لیکن چار دن بعد میرا سارا جوش ٹھنڈا پڑ جاتا ہے۔ میں ایسے تمام ناقدین کو بتا دینا چاہتا ہوں کہ وہ میرے عزم سے واقف ہی نہیں‘ میرے اندر بہت سی روحانی قوتیں ہیں لیکن میں کسی کو بتاتا نہیں۔ مثلا مجھے ہمیشہ سچے خواب آتے ہیں‘ ابھی دو دن پہلے میں نے خواب میں کچھ بھی نہیں دیکھا۔ اب سمجھ آیا ہے کہ وہ بھی ایک اشارہ ہی تھا کیونکہ سموگ پڑ رہی ہے اور کچھ نظر نہیں آ رہا تھا۔ اسی طرح پچھلے ہفتے مجھے خواب میں ہی اشارہ ہو گیا تھا کہ میرے لیپ ٹاپ کا ماؤس خراب ہونے والا ہے۔ کوٹ کی اندرونی جیب میں سو کا نوٹ پڑا ہونے کا اشارہ بھی مجھے خواب میں ہی ملا تھا۔ میں ہرگز اپنی تعریفیں نہیں کر رہا‘ نہ مجھے ایسا کوئی شوق ہے‘ میں تو صرف اتنا عرض کر رہا ہوں کہ مجھ پر بزرگوں کی خاص عطا ہے…!!! ہاں تو میں کہہ رہا تھا کہ میں نے پورے سال کے کاموں کی ایک لسٹ بنا لی ہے‘ کتابوں میں لکھا ہے کہ عظیم لوگ ایسا ہی کرتے ہیں… حیرت ہے‘ کیونکہ میں اپنے دوست عظیم کو جانتا ہوں‘ اس نے کبھی ایسا نہیں کیا۔ بہرحال یہ لسٹ مکمل ہو گئی ہے‘ میں نے اِس میں کوئی ایسا کام نہیں لکھا جو معمولی نوعیت کا ہو‘ الحمدللہ سب کے سب انتہائی اعلیٰ درجے کے با وقار کام لکھے ہیں تاکہ جب 2018 ء ختم ہو تو میرے یہ کام صفحہ قرباس… مرطاس… خرطاس… پتا نہیں کیا ہوتا ہے‘ خیر جو بھی ہوتا ہے اُس پر لکھے جائیں۔ آپ چاہیں تو میری یہ ڈائری اپنے کمپیوٹر کے Recycle Bin میں محفوظ کر سکتے ہیں۔ آئیے اِن اعلیٰ و ارفع کاموں پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔
(جنوری) چھت کے جالے صاف کرنے ہیں‘ پینٹ کی زپ ٹھیک کروانی ہے‘ جوتے کو ٹانکا لگوانا ہے اور نیا ”پتاوا‘‘ ڈلوانا ہے‘ سگریٹ کم کر دینے ہیں اور دن میں 20 کی بجائے صرف 19 سگریٹ پینے ہیں‘ تمام لڑکیوں کے نمبر ڈیلیٹ کرنے ہیں اور دوسرے موبائل میں ڈالنے ہیں‘ وال کلاک کے سیل تبدیل کرنے ہیں‘ اوون کی ٹوٹی ہوئی پلیٹ کو ایلفی لگانی ہے‘ موٹر میں آئل ڈالنا ہے‘ صابن کی پرانی ٹکیوں کو گیلا کر کے زور سے دبا کر ایک ٹکیا بنانی ہے‘ ٹی وی کے ریموٹ پر ٹیپ لگانی ہے‘ ایک درجن نئے ہینگر خریدنے ہیں‘ واشنگ مشین کا پہیہ ویلڈ کروانا ہے۔
(فروری) چوہے مار گولیاں لانی ہیں‘ جوئوں والی باریک کنگھی خریدنی ہے‘ نان سٹک توا لینا ہے‘ فریج کا دروازہ ٹھیک کروانا ہے‘ قینچی تیز کروانی ہے‘ ڈرائنگ روم کا کارپٹ واش کروانا ہے‘ صوفوں کے نیچے مزید چار اینٹیں رکھنی ہیں‘ نسیم ماموں کی پرانی شرٹیں لانی ہیں‘ چائنا کا نیا آئی فون خریدنا ہے‘ ویلنٹائنز ڈے پر امی کی دوائی روک کر شازیہ کے لیے پھول خریدنے ہیں۔
(مارچ) یو پی ایس کی بیٹری بدلوانی ہے‘ میٹر ریڈر کو کھانا کھلانا ہے اور اُس سے ریڈنگ کم لکھنے کی بات کرنی ہے‘ رشید چچا کی بیٹی کی شادی میں جانا ہے اور اسلم سے پانچ سو روپے ادھار مانگنے ہیں‘ بڑے کالر والی سفید شرٹ کو نیوی بلیو کلر کروانا ہے‘ جینز کی پینٹ دھلوانی ہے‘ فرنچ کٹ داڑھی رکھنی ہے‘ قرآن پاک کا نیا ریشمی غلاف لانا ہے‘ دروازوں کے قبضوں کو تیل دینا ہے‘ خالہ فردوس کا بیٹا اے ایس آئی لگ گیا ہے‘ لہٰذا اُن سے صلح کرنی ہے۔
(اپریل) گرمیوں کے کپڑے نکالنے ہیں‘ ہاتھ والے چار پنکھے خریدنے ہیں‘ مرغی پکانی ہے‘ جاگنگ شروع کرنی ہے‘ ویٹ لفٹنگ کے لیے آٹھ آٹھ کلو والے دو ڈمبل لانے ہیں‘ نئی کتاب لکھنے کے لیے چار نیلے رنگ کے بال پوائنٹ پین لینے ہیں‘ کبوتروں والے کھڈے کی تاریں ٹھیک کرنی ہیں‘ کپڑے لٹکانے والی ”چونڈیاں‘‘ لانی ہیں‘ بولی والی کمیٹی ڈالنی ہے‘ اُردو بازار سے لائنوں والے کاغذوں کے تین دستے لانے ہیں‘ الماری کا لاک ٹھیک کروانا ہے‘ گیس والا ہیٹر پیک کر کے سٹور میں رکھنا ہے۔
(مئی) اپنی سالگرہ منانی ہے‘ پھٹے ہوئے پاجامے کی سلائی کروانی ہے‘ نئی چپل خریدنی ہے‘ کمرے کے پنکھے کے پر سیدھے کروانے ہیں اور بٹن تبدیل کرنا ہے‘ ٹھنڈا شیمپو خریدنا ہے‘ باتھ روم کے بلب کا ہولڈر بدلنا ہے‘ بیڈ روم کے اکھڑے ہوئے پلستر والی جگہ پر کوئی تصویر لگانی ہے‘ پلاٹ کی قسط دینی ہے‘ چارپائی کسنی ہے۔
(جون) دوبارہ کلین شیو کروانی ہے‘ سر پر اُسترا پھروانا ہے‘ کاٹن کی شلوار قمیض دھلوانی ہے‘ نیا ازار بند خریدنا ہے‘ پرانا صحن کی ٹپکتی ہوتی ہوئی ٹونٹی پر باندھنا ہے‘ شناختی کارڈ Re New کرانا ہے‘ آفس بوائے کے نام پر نئی سِم نکلوانی ہے‘ پرانے اخبارات ردی والے کو بیچنے ہیں۔
(جولائی) مچھر دانی خریدنی ہے‘ کھڑکی کے آگے جالی لگوانی ہے‘ فقیر کو ایک روپیہ خیرات دینی ہے‘ بینک سٹیٹمنٹ کی کاپی لینی ہے‘ ہمسائے کے کتے کو زہر دینا ہے‘ ڈائٹنگ کرنی ہے‘ ٹوتھ برش تبدیل کرنا ہے‘ نیلی پینٹ رفو کروانی ہے‘ جلدی سونے کی عادت ڈالنی ہے‘ غصہ نہیں کرنا۔
(اگست) جشن آزادی کے لیے جھنڈیاں خریدنی ہیں‘ سلمان خان کی نئی فلم دیکھنی ہے‘ گھر میں پہننے کے لیے لنڈے سے چار کچھے خریدنے ہیں‘ ملتان سے آم اور گوجرانوالہ سے تربوز منگوانے ہیں‘ جوسر بلینڈر کی موٹر ٹھیک کروانی ہے‘ تارے میرے کا تیل لانا ہے‘ برفی کھانی ہے۔
(ستمبر) گاڑی کے وائپر تبدیل کروانے ہیں‘ اگلے دو ٹائروں میں ٹیوب ڈلوانی ہے‘ ونڈ سکرین پر پتھر کا نشان صاف کروانا ہے‘ کپڑے دھونے والا بڑا ٹب صاف کر کے اُس کا باتھ ٹب بنانا ہے‘ کموڈ کی سیٹ کا ڈھکن لگوانا ہے‘بیڈ کے فوم کو الٹا کر دوسری سائڈ سامنے کرنی ہے۔
(اکتوبر) پرنالے کی صفائی کرنی ہے‘ ٹی وی ٹرالی کے اکھڑے ہوئے حصے پر جوتوں والی کالی پالش لگا کر رنگ برابر کرنا ہے‘ بٹوے میں سے فالتو کاغذ نکال کر وزن ہلکا کرنا ہے‘ تین بلیڈ والی سیفٹی لینی ہے‘ نئی شطرنج خریدنی ہے‘ کچن کی ٹیوب لائٹ کا سٹارٹر بدلنا ہے‘ نہانا ہے۔
(نومبر) اسلم کے پانچ سو واپس کر کے ایک ہزار اُدھار لینا ہے‘ نئی بنیان لینی ہے اور پرانی کو گاڑی صاف کرنے کے لیے رکھنا ہے‘حکیم بلبل مراد آبادی سے آنکھیں بڑی کرنے والی دوائی لینی ہے‘ پریشر ککر کا ربڑ بدلوانا ہے‘ پھول جھاڑو لینا ہے‘ ہتھوڑی کا دستہ ڈلوانا ہے۔
(دسمبر) ڈسپرین‘ پینا ڈول اور بروفن کے تین تین پتے لانے ہیں‘ قلمیں چھوٹی کروانی ہیں‘ میز کا شیشہ ڈلوانا ہے‘ پیٹ کم کرنے والی بیلٹ خریدنی ہے‘ تین دن میں رنگ گورا کرنے والی کریم خریدنی ہے‘ آف وائٹ پینٹ کی ویسٹ ایک اِنچ کھلی کروانی ہے‘ بیڈ شیٹ لینی ہے۔
مجھے یقین ہے میں نئے سال میں یہ سارے کام آسانی سے کر لوں گا‘ ہم سب سارا سال ایسے ہی ضروری کام تو کرتے ہیں‘ اِن میں سے ایک کام بھی رہ جائے تو ہماری جان پہ بن آتی ہے‘ کاموں کی یہ لسٹ بہت چھوٹی ہے‘ بہت سارے کام اچانک بھی نکل آئیں گے ‘ اب آپ ہی بتائیں اتنے اہم کاموں میں سے میں پاکستان کے لیے سوچنے کا وقت کہاں سے نکالوں… انشاء اللہ اگلے سال سہی!!!
مجھے یقین ہے میں نئے سال میں یہ سارے کام آسانی سے کر لوں گا‘ ہم سب سارا سال ایسے ہی ضروری کام تو کرتے ہیں‘ اِن میں سے ایک کام بھی رہ جائے تو ہماری جان پہ بن آتی ہے‘ کاموں کی یہ لسٹ بہت چھوٹی ہے‘ بہت سارے کام اچانک بھی نکل آئیں گے ‘ اب آپ ہی بتائیں اتنے اہم کاموں میں سے میں پاکستان کے لیے سوچنے کا وقت کہاں سے نکالوں… انشاء اللہ اگلے سال سہی!!!
(بشکریہ: روزنامہ دنیا)
فیس بک کمینٹ