لاہور: (دنیا نیوز) معروف ڈرامہ و ناول نگار حسینہ معین انتقال کر گئیں۔ حسینہ معین کی نماز جنازہ آج بعد نمازِ عصر نارتھ ناظم آباد کراچی میں ادا کی جائے گی۔
معروف ڈرامہ نگار اور مصنفہ حسینہ معین 80 برس کی عمر میں حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئیں۔ حسینہ معین 20 نومبر1941 کو بھارتی شہر کانپور میں پیدا ہوئیں اور ابتدائی تعلیم بھی وہیں سے حاصل کی۔ وہ گورنمنٹ کالج فار ویمن اور یونیورسٹی آف کراچی سے فارغ التحصیل ہیں۔
حسینہ معین نے 1970 میں پاکستان ٹیلی ویژن کیلئے لکھنا شروع کیا۔ ان کے معروف ڈراموں میں کرن کہانی، ان کہی، تنہائیاں، دھوپ کنارے، پرچھائیاں، آہٹ، دیس پردیس سمیت دیگر شامل ہیں۔
حسینہ معین اپنے ڈراموں میں خواتین کو مضبوط کرداروں میں پیش کرتی تھیں، معاشرتی اور خاندانی اقدار انکے ڈراموں کا لازمی جزو تھے۔
اردو فکشن رائٹنگ میں حسینہ معین کا بڑا نام تھا۔ انہیں ڈرامہ نگاری پرپرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ ملا۔ بیرون ممالک بھی اپنی بہترین اسکرپٹنگ کی وجہ سے کئی ایوارڈز سمیٹ چکیں۔ حسینہ معین کراچی آرٹس کونسل کی گورننگ باڈی کا بھی حصہ تھیں۔
(بشکریہ:دنیا نیوز)
فیس بک کمینٹ