سب سے پہلے تو اعلیٰ تعلیم یافتہ بے روز گار لاکھوں نوجوانون اور با لخصوص ان پی ایچ ڈی ڈاکٹرز جو گزشتہ کئی روز سے نوکریوں کے لئے سراپا احتجاج ہیں کو آج 11ستمبر کو ہائر ایجو کیشن کمیشن کے پندرہ سال مکمل ہونے پر بہت بہت مبارکباد پیش کرنا چاہوں گااور خیالی طور پر پندرہ پاؤنڈ کا کیک پندرہ موم بتیوں کو بجھاتے ہوئے کاٹ کر ان تمام حضرات میں تقسیم کرنا چاہوں گاجو ہائر ایجو کیشن کمیشن سے مستفید ہوئے کیونکہ ان کا اس ادارے سے استفادہ ایسے ہی ہے جیسے کسی نے شیر کے منہ سے شکار چھین لیا ہواور ایسا میں اس لئے کہ رہا ہوں کہ آڈیٹر جنرل پاکستان کی ایک رپورٹ کے مطابق کوئی ٹھوس حکمت عملی نہ ہونے کے باعث ایچ ای سی ترقیاتی کاموں کے لئے مختص شدہ وہ فنڈ بھی صرف اکیس فیصد ہی خرچ کر سکی جو اس کے اپنے خزانوں میں پڑا تھا،لہذاٰ وہ ادارہ جو اپنا ہی فنڈ استعمال نہ کر سکے اس سے خیر کی کیا امید۔
ایچ ای سی کی تشکیل کو پندرہ سال تو ہو گئے ہیں لیکین ایچ ای سی سی تاحال ان تمام منصوبہ جات پر مکمل عمل در آمد میں ناکام ہے جن کے نام پر ہر سال اربوں روپے کے فنڈزجاری ہوتے ہیں،آپ سب سے پہلے جامعات کی رینکنگ کو ہی لے لیجئے ابھی کچھ روز پہلے ہی برطانیہ کے ایک ادارے ٹائمز ہائر ایجوکیشن کی جانب سے جاری رینکنگ کے مطابق پاکستان کی صرف 3جامعات دنیا کی بہترین 1000جامعات میں جگہ بنا سکی ہیں جبکہ پہلی 500میں صرف ایک قائد اعظم یونیورسٹی شامل ہے اور یہ بات بھی ہم سب جانتے ہیں کہ قائد اعظم یونیورسٹی نے یہ مقام اپنے دم پر حاصل کیا ہے ۔ہائر ایجوکیشن کمیشن کو اعلیٰ تعلیم کی اس تنزلی کا ذمہ دار ہم اس لئے بھی کہ سکتے ہیں کہ اس ادارے کی تشکیل کا بنیادی مقصد ہی اعلیٰ تعلیمی اداروں کی معاونت تھاجس میں یہ ادارہ گزشتہ کئی سال سے مسلسل ناکام ہو رہا ہے ۔
ایچ ای سی کے پندرہویں یوم تشکیل کے حوالے سے اخبارات میں ایک خبر شائع ہوئی ہے جس میں ایچ ای سی کی ناکامیوں اور اسے درپیش مسائل کا ذکر کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ ایچ ای سی کی پالیسیاں اور انتظامی امورکے لئے ایک18رکنی گورننگ بورڈ بنایا جاتا ہے جس کی تشکیل کا عمل گزشتہ چار سال یعنی جب سے موجودہ چیئرمین ڈاکٹر مختار نے اس منصب پر فائز ہیں تب سے رکا ہوا ہے،اور وہ تمام فیصلے جو 18رکنی گورننگ بورڈ نے کرنے ہوتے ہیں آج کل انفرادیت کا شکار ہیں جو ایچ ای سی کی بربادی کاایک بڑا سبب ہے۔
ماہرین تعلیم نے ہائر ایجو کیشن کمیشن کی ان مسلسل ناکامیوں اور پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی میدان میں تنزلی کا ایک سبب یہ بھی بتایا ہے کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن اگر صرف تعلیمی اداروں کی معاونت تک محدود رہتا تو بہت مناسب تھا اور اعلیٰ تعلیمی میدان میں کافی بہتری بھی ہو سکتی تھی مگر ایچ ای سی نے اپنا ا صل کام چھوڑ کر دیگر کئی غیر ضروری کاموں میں مداخلت شروع کر دی ہے جس کی ایک بڑی مثال ہمارے پاس ایچ ای سی کا کامسیٹس یونیورسٹی کے ساتھ دوہری ڈگری تنازعہ ہے ، اور اس کیس پر موجودہ چیئرمین ایچ ای سی نے کئی ماہ ضائع کئے،
اسی طرح ایچ ای سی کی جانب سے غیر ضروری کاموں میں وقت ضائع کرنے کی ایک بڑی مثال این ٹی ایس کی طرز پر مفت ٹیسٹنگ کونسل کا قیام ہے ،اس کونسل کا قیام بے شک ایک خوش آئند عمل تھالیکین اسے بھی ماہرین تعلیم نے جامعات کی خود مختاری پر حملہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ایچ ای سی جامعات میں داخلوں کے لئے کسی قسم کا ٹیسٹ لینے کا مجاز ہی نہیں ۔
ماہرین تعلیم کے مطابق ایچ ای سی کی ناکامیوں کا ایک بڑا سبب وفاقی ایچ ای سی کا صوبائی ایچ ای سی کے ساتھ کسی قسم کا کوئی رابط نہ ہونا بھی ہے کیونکہ اس وقت پاکستان میں پرائیویٹ اور سرکاری 186یونیورسٹیز اور 100سے زائد سب کیمپسز ہیں جنکی ڈویلپمنٹ اور معاونت کے لئے یقیناًایچ ای سی کو اٹھارہویں آئینی ترمیم کے تحت بننے والی صوبائی جامعات کے ساتھ مسلسل کو آرڈینیشن کی اشد ضرورت ہے اورایک مشترکہ ٹھوس لائحہ عمل بنانے کی بھی ضرورت ہے جو تمام صوبائی اور وفاقی ایچ ای سی پالیسیز پر عمل در آمد کروانے میں معاون ثابت ہو۔
اس وقت اعلیٰ تعلیمی حلقوں میں ہائر ایجو کیشن کمیشن کی مسلسل ناکامیوں کو لے کر انتہائی تشویش پائی جارہی ہے ،جامعات کی عالمی رینکنگ،آڈیٹر جنرل کی رپورٹ اور بالخصوص جامعات سے فارغ التحصیل نوجوانوں کی بے روزگاری کے اسباب کے حوالے سے جاری ہونے والی رپورٹس نے پوری قوم کو مایوسی کا شکار کر رکھا ہے ایسے میں ہائر ایجو کیشن کمیشن کو چاہئے کے فی الفور تمام غیر ضروری کاموں سے جان چھڑوا کر صرف اور صرف ایک معاون ادارے کا کردار ادا کرے،جامعات کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کے لئے انہیں مطلوبہ فنڈز فراہم کئے جائیں،تعلیمی نصاب کو ملازمت فراہم کرنے والے اداروں کی ضروریات سے ہم آہنگ کیا جائے اوروہ تمام منصوبہ جات جن کے نام پر ہر سال اربوں کا فنڈ جاری ہوتا ہے ان کی تکمیل کے لئے صوبائی ہائر ایجو کیشن کمیشن اور باقی تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر ٹھوس حکمت عملی بنائی جائے ۔
\