کراچی میں مسلسل بڑھتی گرمی کے پیش نظر طبی ماہرین نے شہریوں کو صبح 11 سے سہہ پہر 3 بجے تک بلا ضرورت باہر نہ نکلنے کا مشورہ دیا ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق کراچی میں مئی کے اختتام تک موسم گرم اور مرطوب رہےگا، شہر میں مئی کا معمول کا اوسط درجہ حرارت 35.8 ڈگری سینٹی گریڈ ہے تاہم یہ درجہ حرارت 38 ڈگری تک جا سکتاہے۔
جناح اسپتال کے ایمرجنسی کنسلٹنٹ ڈاکٹر عرفان کا کہنا ہے کہ جناح اسپتال کے ہیٹ اسٹروک وارڈ میں روزانہ 8 سے 10 مریض آ رہے ہیں، بخار، گیسٹرو اور اکثر مریض غنودگی کی کیفیت میں بھی آرہے ہیں۔
ڈاکٹر عرفان نے بتایا کہ مریضوں کو ابتدائی ٹسیٹ اور طبی امداد دے کر روانہ کردیا جاتا ہے جبکہ تشویشناک حالت میں آنے والے مریضوں کو وارڈ میں داخل کردیا جاتا ہے۔
دوسری جانب طبی ماہرین کا کہناہے کہ مریض کو اسپتال منتقل کرنے سے پہلے او آر ایس پلائیں جبکہ شہری صبح 11 سے سہہ پہر 3 بجے تک بلا ضرورت باہر نکلنے سے گریز کریں۔
کراچی میں ہیٹ ویو نہیں، درجہ حرارت معمول سے تھوڑا زیادہ ہے: چیف میٹرولوجسٹ
طبی ماہرین کے مطابق باہر نکلنے کی صورت میں سر کو گیلے کپڑے سے ڈھانپ کر نکلیں، گرم موسم میں ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں۔
واضح رہے کہ ہیٹ ویو کے پیش نظر کراچی سمیت سندھ بھر میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات ملتوی کر دیےگئے ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہےکہ انٹر کے امتحانات 22 مئی کے بجائے اب 27 مئی سے شروع ہوں گے۔
(بشکریہ:جیونیوز)
فیس بک کمینٹ