دبئی : ایشیا کپ سپر 4 مرحلے میں پاکستان نے سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر 2 اہم پوائنٹس حاصل کرلیے ہیں ۔
ایشیا کپ کے سپر 4 مرحلے میں پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں منگل کو ابوظبی میں مد مقابل تھیں۔جہاں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
سری لنکا نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز بنائے۔کامندو مینڈس 50 رنز بناکر نمایاں رہے۔
جواب میں پاکستان نے سری لنکا کا 134 رنز کا ہدف 18 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر مکمل کرکے 2 پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے فائنل میں پہنچنے کیلئے امید کو زندہ رکھا۔
سپر4 مرحلے کی ٹاپ 2 ٹیموں نے فائنل کیلئے کوالیفائی کرنا ہے۔ہر ٹیم کو 3 میچز کھیلنے ہیں۔
پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالیں تو بھارت ایک میچ کھیل کر 2 پوائنٹس حاصل کرکے پہلے نمبرپر ہے جبکہ پاکستان 2 میچز میں ایک میں کامیابی کے بعد 2 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
پاکستان کیلئے فائنل میں پہنچنے کا آسان راستہ کیا ہے؟
بنگلادیش ایک میچ کھیل کر کامیابی کے بعد 2 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر ہے جبکہ سری لنکا مسلسل 2 میچز ہار کر آخری پوزیشن پر ہے اور اس کا بظاہر ٹورنامنٹ میں سفرختم ہوگیا ہے۔
ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچنے کیلئے پاکستان کیلئے سب سے آسان راستہ یہ ہے کہ وہ بنگلادیش کے خلاف اپنا آخری میچ جیتے اور دوسری جانب بھارت اپنے بقیہ 2 میچز( بنگلادیش اور سری لنکا) میں کامیابی حاصل کرے۔
اس صورت میں بھارت 6 پوائنٹس اور پاکستان 4 پوائنٹس کے ساتھ ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ جائے گا۔
بھارت کی بدھ کو بنگلادیش کے ہاتھوں شکست کی صورت میں معاملہ نیٹ رن ریٹ پر بھی جاسکتا ہے۔
( بشکریہ : جیو نیوز )

