آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا آغاز آج سے ہو رہا ہے، 8 بہترین ٹیموں میں چیمپئن بننے کی جنگ ہوگی، پاک بھارت ٹاکرا 23 فروری کو دبئی میں ہوگا۔کراچی، لاہور، راولپنڈی اور دبئی میں گھمسان کا رنگ پڑےگا۔
کرکٹ کے دیوانوں کے لیے بڑی خوشخبری ہےکہ دنیائے کرکٹ کے سب سے سنسنی خیز اور شاندار ٹورنامنٹ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا آغاز آج سے پاکستان میں ہونے جا رہا ہے۔
پاکستان میں بسنے والے کرکٹ کے دیوانوں کے لیے یہ لمحہ کسی خواب سے کم نہیں، جو اب حقیقت میں بدلنے جا رہا ہے۔ایونٹ کا افتتاحی معرکہ 19 فروری کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا، جہاں میزبان پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔
کرکٹ کے شائقین کو سنسنی خیز بیٹنگ، جاندار بولنگ اور شاندار فیلڈنگ دیکھنے کو ملے گی جو اِن میں مزید جوش و جذبہ بھر دے گی۔
23 فروری کو پاک بھارت ہائی وولٹیج ٹاکرا ہوگا۔ کرکٹ کی دنیا کے سب سے بڑے حریف پاکستان اور بھارت دبئی میں آمنے سامنے ہوں گے، یہی وہ موقع ہے جس کا انتظار کروڑوں شائقین بے صبری سے کر رہے ہیں کیونکہ یہ صرف ایک میچ نہیں، بلکہ ایک جذباتی جنگ بھی ہوگی، جہاں ہر چوکے، ہر چھکے اور ہر وکٹ پر جوش و خروش اپنے عروج پر ہوگا۔
یاد رہےکہ اس ایونٹ میں 8 ٹیمیں، چیمپئن بننے کا خواب سجا کر ایک دوسرے سے ٹکرائیں گی۔ اِن ٹیموں میں میزبان پاکستان، بھارت، آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقا، بنگلا دیش، افغانستان اور نیوزی لینڈ شامل ہیں۔
ہر ٹیم کا ایک ہی ہدف ہوگا کہ ہمیں چیمپئنز ٹرافی پر قبضہ جمانا ہے۔ ہر میچ فیصلہ کرے گا کہ کون راج کرے گا اور کون شکست کا سامنا کرے گا۔
چیمپئنز ٹرافی 2025 ایک ایسا ایونٹ ہوگا جس میں ہر گیند، ہر وکٹ اور ہر شاٹ کرکٹ دیوانوں کی دھڑکنوں کو تیز کر دے گا۔ یہ وہ لمحہ ہوگا جب کرکٹ کا جنون اپنی انتہا پر پہنچے گا، جہاں ہر چھکے پر جشن، ہر وکٹ پر خوشی اور ہر جیت پر ایک نئی تاریخ لکھی جائے گی
(بشکریہ:جیونیوز)
فیس بک کمینٹ