کھیل

کھلاڑیوں کو کورونا : آئی پی ایل غیر معینہ عرصہ کے لیے ملتوی ، پی ایس ایل کو خطرہ

نئی دہلی : انڈین کرکٹ بورڈ نے انڈین پریمئیر لیگ کے بقیہ میچز کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا ہے۔
اس حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انڈین کرکٹ بورڈ اور آئی پی ایل کی گورننگ کونسل نے ایک ہنگامی اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ فوری طور پر آئی پی ایل 2021 کو ملتوی کر دیا جائے۔ بیان کے مطابق انڈین کرکٹ بورڈ کھلاڑیوں، سپورٹ سٹاف اور آئی پی ایل کے انعقاد میں شامل دیگر شرکا کی حفاظت پر سمجھوتہ نہیں کرنا چاہتا اور یہ فیصلہ تمام سٹیک ہولڈرز کی حفاظت اور صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ آئی پی ایل 2021 کے تمام شرکا کو بحفاظت واپس بھیجنے کے انتظام میں انڈین کرکٹ بورڈ اپنے تمام اختیارات کا استعمال کرے گا۔ واضح رہے کہ انڈیا میں کورونا وائرس سے ہونے والے شدید بحران کے سبب ناقدین کا مؤقف رہا ہے کہ ایسے موقع پر یہ ٹورنامنٹ کرانا نہایت ہی ’غیر مناسب‘ ہے۔
دوسری جانب گذشتہ روز انڈین پریمئیر لیگ کی کولکتہ نائٹ رائیڈرز ٹیم کے دو کھلاڑی ورون چکرورتی اور سندیپ واریر کا کورونا مثبت ہونے کے سبب ان کا رائل چیلنجرز بنگلور کے ساتھ ہونے والا میچ ملتوی کر دیا گیا تھا۔
بھارت میں کوروناکی نئی لہر نے تباہی مچارکھی ہے جس کے بعد ملک کے اندر اور باہر سے اس کے انعقاد کے خلاف آوازیں بلند ہورہی تھیں لیکن بھارتی بورڈ اور غیر ملکی پلیئرز مسلسل کھیلنے پر مصر تھے.گزشتہ روز آسٹریلیا کے وزیر اعظم نے تو یہاں تک کہہ دیا تھا کہ آسٹریلین کرکٹرز کے ہاتھوں کو خون لگ گیا ہے،اس لئے ان کی تو فوری ملک میں واپسی مشکل ہے. انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے اپنے کھلاڑیوں کو پیشکش کی تھی کہ واپس آنا ہے تو 10روزہ قید کے لئے تیار ہوجائو،چنانچہ اب انگلش پلیئرز قید کی زندگی گزاریں گے.
آئی پی ایل کے التوا کے بعد پاکستان میں اس ماہ شیڈول پی ایس ایل کے بائیو سیکیور ببل کا انعقاد اب مشکوک ہورہا ہے اور 2جون سے شیڈول میچز کے ہونے کے امکانات معدوم ہوگئے ہیں کیونکہ متعدد پلیئرز کے لئے اب ایشیا میں سفر نا ممکن ہوجائے گا.
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اس کے حوالہ سے جلد اہم اعلان متوقع ہے۔

فیس بک کمینٹ
Tags

متعلقہ تحریریں

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker