کراچی:ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کراچی پہنچ گئے اور یہ کئی عشروں بعد کسی سربراہ مملکت کا کراچی کا پہلا دورہ ہے۔
ایرانی صدرخصوصی طیارے کے ذریعے لاہور سے کراچی پہنچے جہاں ائیرپورٹ پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، صدر آصف زرداری کی صاحبزادی آصفہ بھٹو اور صوبائی کابینہ نے استقبال کیا۔
کراچی ائیرپورٹ کے وی آئی پی لاؤنج میں ایرانی صدر سے وزیراعلیٰ اور گورنر سندھ نے ملاقات کی۔
ایران کے صدر نے بانی پاکستان محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
بعدازاں وزیراعلیٰ ہاؤس میں گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ سے تفصیلی ملاقات ہوئی جبکہ گورنر سندھ نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کو جامعہ کراچی کی جانب سے پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری دی۔
ایرانی صدر نے بزنس فورم کے شرکا سے ملاقات بھی کی۔
ایرانی صدر کی مزار اقبال پر حاضری
قبل ازیں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی وفد کے ہمراہ لاہور پہنچے تو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مہمان صدر کا استقبال کیا۔
ایرانی صدر نے دورہ لاہور میں مزار اقبال پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ پڑھی۔ انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی درج کیے۔
اس موقع پر گفتگو میں کہا کہ پاکستانیوں اور ایرانیوں کے دل جُڑے رہیں گے، پاکستان آکر اجنبیت کا احساس نہیں ہوا، پاکستان میں عوامی جلسے سے خطاب کرنا چاہتا تھا لیکن کچھ وجوہات کی وجہ سے ایسا ممکن نہیں ہوسکا۔
بعدازاں ایرانی صدر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور بھی گئے اور وہاں خطاب میں کہا کہ قوموں کی برادری میں نمایاں مقام حاصل کرنے کے لیے سائنس و ٹیکنالوجی پر توجہ دینا وقت کی ضرورت ہے۔
مہمان صدر کے اعزاز میں گورنر ہاؤس پنجاب میں دوپہر کے کھانے میں روایتی دیسی کھانوں سے تواضع کی گئی۔
(بشکریہ:جیونیوز)
فیس بک کمینٹ