8جنوری، 2012کو دی نیوز میں شائع ہونے والی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پرویز مشرف اچانک ارب پتی کیسے بنے ؟ جب وہ 12اکتوبر ، 1999میں مارشل لاءلگا کر ملک کے چیف ایگزیکٹیو بنے تھے تو ان کے اکاؤنٹ میں شاید ہی کوئی پیسہ موجود تھااور اپنے اثاثے عوامی سطح پر ظاہر کیے تھے۔اس وقت ان کے پاس مختلف شہروں میں چند پلاٹس ہی تھے۔دی نیوز رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ اس بات کی کوئی نشاندہی نہیں کی گئی ہے کہ انہیں فنڈز کس نے فراہم کیے تھے اور وہ کیسے اتنے امیر ہوگئے تھے ، تاہم ریٹائرڈ جنرل نے اس کے باوجود آف شور اکاؤ نٹس میں اربوں جمع کرلیے تھے ، اس کے علاوہ وہ بیرون ممالک اور پاکستان میں بھی پہلے ہی جائدادیں خرید چکے تھے۔دی نیوز نے سابق ڈکٹیٹر کے قریبی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ پرویز مشرف کے دبئی اور لندن میں کم از کم 7سے10آف شور اکاؤ نٹس تھے جس میں ڈالرز ، پاؤ نڈ ، اسٹرلنگ اور درہم کی صورت بڑی رقم موجود تھی ، اپنی سرگزشت ’’ان دا لائن آف فائر‘‘میں مشرف نے اس بات کا اقرار کیا ہے کہ ان کا تعلق ایک ایسے گھرانے سے ہے ، جس کے پاس پیسوں کی فراوانی نہیں تھی، تاہم اب وہ صرف اپنےپاکستان میں موجود ذاتی اسٹاف کو کم از کم 5لاکھ روپے تنخوا ہ ادا کررہے ہیں۔8جنوری، 2012کو دی نیوز نے رپورٹ دی تھی کہ غیر ملکی بینک اکاؤ نٹس کے علاوہ پرویز مشرف نے بیرون ملک میں بھی بڑی سرمایہ کاری کررکھی ہے تاکہ بڑا منافع حاصل کرسکیں۔ذرائع کا کہنا تھا کہ صرف دبئی کی آن لائن ٹریڈنگ سروس ، ایم ایم اے میں ہی پرویز مشرف 16لاکھ امریکی ڈالرز(14کروڑ50لاکھ روپے)گزشتہ سال تک لگا چکے تھے۔کمپنی ذرائع کے مطابق، پرویز مشرف کااکاؤ نٹ نمبر AV77777تھا۔یونین نیشنل بینک، جو کہ ابو ظبی کا انویسٹمنٹ بینک ہے۔اس میں پرویز مشرف اور ان کی زوجہ صہبا مشرف کا مشترکہ اکاؤ نٹ نمبر 4002000304تھا، جس میں گزشتہ برس تک تقریباً1کروڑ70لاکھ اماراتی درہم (تقریبا39کروڑ10لاکھ روپے)تھے۔اسی بینک میں پرویز مشرف اور ان کی زوجہ کا ایک اور مشترکہ اکاؤ نٹ نمبر400200315تھا، جو کہ ڈالر اکاؤ نٹ تھا۔اسی اکاؤنٹ میں گزشتہ برس تک 5لاکھ35ہزار325امریکی ڈالرز (تقریباً4کروڑ80لاکھ روپے)تھے۔ایک اور اماراتی درہم اکاؤ نٹ میں ، اسی بینک کے اندر پرویز مشرف اور صہبا مشرف کے تقریبا76لاکھ اماراتی درہم(17کروڑ40لاکھ روپے)گزشتہ برس تک تھے۔جب کہ اکاؤ نٹ نمبر4003006700ہے۔یونین نیشنل بینک کے چوتھے اکاؤ نٹ کا نمبر، 4003006711 ہے ، جب کہ پرویز مشرف اور ان کی زوجہ کے اس اکاؤ نٹ میں 80لاکھ درہم(18کروڑ40لاکھ روپے) تھے ۔یونین نیشنل بینک کے پانچویں بینک اکاؤنٹ کا نمبر 4003006722 ہے، جس میں مشرف اور ان کی زوجہ کے 80لاکھ امریکی ڈالرز (72کروڑ80لاکھ روپے)تھے۔چھٹے اکاؤ نٹ نمبر 4003006733پرویز مشرف اور ان کی زوجہ کے 80لاکھ درہم (18کروڑ40لاکھ روپے)گزشتہ برس تک تھے۔یونین نیشنل بینک کا ساتواں اکاؤ نٹ نمبر 4003006744تھا، جس میں اس جوڑی کے 80لاکھ درہم (18کروڑ40لاکھ روپے)تھے۔اسی بینک کے آٹھویں اکاؤ نٹ میں پرویز مشرف اور ان کی زوجہ کے 13لاکھ امریکی ڈالرز(11کروڑ80لاکھ روپے)تھے۔نواز شریف حکومت کے خلاف بغاوت کے بعدفوجی آمر بننے کے ابتدائی چند ماہ کے دوران ، جنرل مشرف نے اپنی دولت عوامی سطح پر ظاہر کردی تھی ، جس میں شاید ہی کوئی رقم شامل تھی ، بلکہ صرف ملک کے مختلف حصوں میں کچھ پلاٹس کا ذکر تھا۔مشرف کا دعویٰ تھا کہ وہ پاکستان کے مسٹر کلین تھے تو اہم سوال یہ ہے کہ وہ ارب پتی کیسے بنے؟
( بشکریہ : روزنامہ جنگ)
فیس بک کمینٹ