اسلام آباد: چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں قائم 3 رکنی بینچ آسیہ بی بی کیس کا محفوظ فیصلہ آج سنائے گا۔واضح رہے کہ آسیہ بی بی 2010 سے توہین مذہب کے مقدمے کا سامنا کررہی ہیں اور اس مقدمے میں انہیں سزائے موت سنائی جاچکی ہے۔سپریم کورٹ نے 22 جولائی کو توہین مذہب کیس میں موت کی سزا پانے والی خاتون آسیہ بی بی کی اپیل سماعت کے لیے منظور کی تھی۔مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والی خاتون نے توہین مذہب پر موت کی سزا کو چیلنج کیا تھا۔عدالت عظمیٰ کی جانب سے جاری سپلیمنٹری کاز لسٹ کے مطابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ 31 اکتوبر کی صبح 9 بجے محفوظ فیصلہ سنائے گا۔واضح رہے کہ 3 رکنی بینچ میں چیف جسٹس ثاقب نثار کے علاوہ جسٹس آصف سعید کھوسہ اور جسٹس مظہر عالم خان شامل ہیں۔عدالت عظمیٰ نے آسیہ بی بی کی سزائے موت کے عدالتی فیصلے کے خلاف آخری اپیل پر 8 اکتوبر کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔فیصلہ محفوظ کرنے سے قبل طویل دورانیے پر مشتمل سماعت ہوئی اور عدالت عظمیٰ نے الیکڑونک اور پرنٹ میڈیا کو آسیہ بی بی کیس پر حتمی فیصلہ آنے سے قبل بحث و مباحثے اور تبصرے سے روک دیا تھا۔یاد رہے کہ آسیہ بی بی کو توہین مذہب کیس میں شیخو پورہ کی مقامی عدالت نے 2010 میں موت کی سزا سنائی تھی، جسے بعد میں لاہور ہائی کورٹ نے بھی برقرار رکھا تھا۔کیس کے فیصلے پر کسی بھی رد عمل سے نمٹنے کے لئے ملک بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے ۔ گرجا گھروں کے باہر بھی سخت حفاظتی انتظامات کی ہدایت کی گئی ہے
فیس بک کمینٹ