لاہور : تحریک لبیک پاکستان کے مرکزی ترجمان اعجاز اشرفی نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی جماعت کے دو مرکزی مطالبات ہیں کہ آسیہ بی بی کیس کی فیصلہ دینے والے تینوں ججز استعفی دیں اور ساتھ ساتھ سپریم کورٹ کی جانب سے دیا گیا فیصلہ واپس لیا جائے کیونکہ یہ قرآن اور پاکستانی آئین کے مترادف ہے۔اعجاز اشرفی نے مزید کہا کہ ان کی جماعت دوپہر دو بجے اپنے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی اور آج ان کی کسی حکومتی وفد سے اب تک ملاقات نہیں ہوئی ہے۔اعجاز اشرفی نے مزید کہا کہ ’حکومت اور مقتدر ادارے غیر ذمےدارانہ گفتگو کر رہے ہیں جس کی وجہ سے حالات مزید کشیدہ ہو گئے ہیں۔‘دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ٹویٹ کے ذریعے بتایا کہ حکومتی وفد آج بھی تحریک لبیک پاکستان کی قیادت سے ملاقات کرے گا۔ یاد رہے کہ گذشتہ شب ٹی ایل پی کے سربراہ خادم حسین رضوی کی جانب سے ٹویٹ کی گئی تھی کہ حکومت سے مذاکرات ناکام ہو گئے ہیں اور آئی ایس آئی کے افسر نے انھیں ’بھون‘ دینے کی دھمکی دی تھی۔
فیس بک کمینٹ