دوحہ : گذشتہ چھ روز دوحا میں افغان طالبان سے مذاکرت میں شریک امریکہ کے خصوصی ایلچی زلمے خلیل زاد نے کہا ہے مذاکرت میں خاطرخواہ پیشرفت ہوئی ہے لیکن اب بھی کچھ معاملات حل طلب ہیں۔ البتہ طالبان ذرائع نے کہا کہ امن معاہدے کے مسودے پر اتفاق ہو گیا جس کے تحت تمام غیر ملکی افواج افغانستان سے چلی جائیں گی۔ خبر رساں ادارے روائٹر نے افغان طالبان کے ذرائع سے خبر دی ہے کہ امریکی ایلچی زلمے خلیل زاد اب امن کے اس مسودے کے بارے میں افغانستان کے صدر اشرف غنی کو بریفنگ دیں گے جس کے لیے وہ کابل روانہ ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق افغانستان میں قیام امن کے معاہدہ کے بارے میں مزید تفصیلات کچھ روز میں ایک مشترکہ بیان میں جاری کی جائیں گی۔
افغانستان کے لیے امریکہ کے خصوصی ایلچی زلمے خلیل زاد نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ دوحا میں چھ دن کے بعد میں مشورے کے لیے افغانستان کا رخ کر رہا ہوں۔ ملاقاتیں ماضی کی نسبت زیادہ سودمند رہیں۔ ہم نے اہم معاملات پر خاطر خواہ پیش رفت کی ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کے عمل میں جو تیزی آئی ہے ہم اُسے برقرار رکھتے ہوئے انہیں دوبارہ شروع کریں گے۔ ابھی کچھ معاملات حل کرنا باقی ہیں۔ جب تک سب معاملات طے نہیں ہو جاتے تب تک کچھ بھی حتمی نہیں ہے اور اس ضمن میں افغانوں کے مابین مذاکرات اور مکمل جنگ بندی ضروری ہے۔ زلمے خلیل زاد نے مذاکرات کروانے میں مثبت کردار ادا کرنے پر حکومت قطر کا شکریہ ادا کیا اور ملک کے نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کی ذاتی کاوشوں کو سراہا۔
( بی بی سی اردو )