ملتان : وزیراعظم عمران خان کیخلاف نفرت انگیز تقریر کرنے کے الزام میں ملتان میں 4 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔وزیراعظم عمران خان کے خلاف نفرت انگیز تقریر کرنے والے چاروں افراد کو پولیس تھانہ سیتل ماڑی نے گرفتار کیا ہے۔ گرفتار ہونے والوں میں مولانا عبدالقہار، حنظلہ، وقاص اور عبدالرؤف یزدانی شامل ہیں۔ وزیراعظم کے خلاف تقریر سوشل میڈیا پر وائرل کی گئی تھی۔۔سی پی او آفس ملتان ذرائع کے مطابق پولیس تھانہ سیتل ماڑی نے انہیں گرفتار کرکے ان کے قبضے سے ویڈیو بھی برآمد کرلی ہے۔ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں جمعرات کے روز عدالت پیش کیا گیا جس نے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوادیا۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز ہی حکومت نے سوشل میڈیا پر نفرت کا پرچار کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اطلاعات فواد چودھری کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ اس سلسلے میں کچھ افراد کو گرفتار بھی کیا جا چکا ہے، ایسے بیانات کنٹرول کرنے کا میکنزم تیار کر لیا گیا ہے جبکہ سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد روکنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔
فیس بک کمینٹ