جہلم: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپنے استعفے کی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے وزارت سے استعفیٰ نہیں دیا جب کہ نعیم الحق کو کچھ بھی پتہ نہیں ہوتا۔ جہلم میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ میں نے وزارت سے استعفیٰ نہیں دیا، میرے ایم ڈی پی ٹی وی کے حوالے سے اختلافات موجود ہیں، کل وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات ہوگی اور جو وزیراعظم کا حکم ہوگا وہی کروں گا، وزیر اعظم سے سیاسی نہیں ذاتی تعلق ہے۔ صحافی کے سوال پر کہ نعیم الحق کا کہنا ہے کہ آپ کا استعفیٰ وزیراعظم آفس کو موصول ہو چکا ہے، فواد چوہدری نے کہا کہ نعیم الحق کو کچھ بھی پتہ نہیں ہوتا، ابھی تک میں نے وزیر اعظم کو اپنا استعفیٰ نہیں بھجوایا۔ ان کا کہنا تھا کہ کل سے میرا رابطہ نہیں ہوسکا بھائی کی شادی میں مصروف ہوں، مجھے وزارت جھنڈا لگانے کے لیے نہیں دی گئی۔
فیس بک کمینٹ