لاہور: تحریک انصاف کے رہنما و وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین ایک مرتبہ پھر آمنے سامنے آگئے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جہانگیر ترین کی بے پناہ کاوشیں ہیں جن کا کل بھی معترف تھا اور آج بھی ہوں لیکن ان کے سرکاری اجلاسوں میں بیٹھنے پر (ن) لیگ کو بولنے کا موقع ملتا ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے بیان پر جہانگیر ترین نے اپنے ٹوئٹر بیان کے ذریعے اس کا جواب دیا۔ انہوں نے شاہ محمود قریشی کا نام لیے بغیر کہا کہ جہاں بھی جاتا ہوں عمران خان کی مرضی اور خواہش سے جاتا ہوں، مجھے پاکستان کی خدمت سے کوئی نہیں روک سکتا۔ جہانگیر ترین نے مزید کہا کہ صرف ایک ہی شخص ہے جسے اپنا لیڈر تصور کرتا ہوں اور اُسی کو جوابدہ ہوں، اس کا نام عمران خان ہے۔یاد رہے کہ انتخابات 2018 کے لیے ٹکٹوں کی تقسیم اور انتخابات میں کامیابی کے بعد وزارتوں کی تقسیم کے معاملے پر بھی تحریک انصاف کے دونوں رہنما کھل کر آمنے سامنے آئے تھے۔ ایک موقع پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے بھی تسلیم کیا تھا کہ پارٹی میں جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی دو گروپ بن چکے ہیں جس سے پارٹی کو نقصان پہنچ رہا ہے۔