لندن : بین الاقوامی شہرت یافتہ مصوراور آرٹسٹ جمیل نقش جمعرات کے روز لندن میں انتقال کر گئے ۔ ان کی عمر 80 برس تھی اور وہ 2012 سے لندن میں مقیم تھے ۔ جمیل نقش دو روز سے سینٹ میری ہسپتال لندن میں زیر علاج تھے ۔ جمیل نقش 25 دسمبر 1939 کو پیدا ہوئے ۔ قیام پاکستان کے بعد وہ ہجرت کرکے پاکستان آگئے۔ جمیل نقش نے جوانی میں ہی تنہا اور مشکل سفر اختیار کیے۔وہ چٹاگانگ ، کلکتہ اور کولمبو کی سیاحت کے دوران بے پناہ مشکلات کاشکارہوئے۔تاہم اس کے نتیجے میں ان کے مشاہدے میں اضافہ ہوا اورفن میں بہت نکھارپیدا ہوا۔جمیل نقش عورتوں اورکبوتروں کی مصوری کے حوالے سے اپنی شناخت رکھتے تھے۔انہوں نے نیشنل کالج آف آرٹس سے مصوری کی تربیت حاصل کی۔استاد حاجی شریف کالج میں ان کے پروفیسر بھی تھے تاہم جمیل نقش تعلیم مکمل نہ کرسکے۔انہوں نے کراچی میں اپنا سٹوڈیو قائم کیا جہاں کبوتروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔کبوتر ان سے اوران کے مہمانوں سے خوفزدہ نہیں ہوتے تھے۔ جمیل نقش نے خواتین کے اعضاءکی مصوری میں بھی غیرمعمولی مہارت حاصل کی۔وہ پاکستان میں NUDEپینٹنگ کے حوالے سے بھی پہچانے جاتے تھے۔انہیں 1989ءمیں تمغہ حسن کارکردگی اور 2009ءمیں ستارہ امتیاز سے نوازا گیا۔
فیس بک کمینٹ