لاہور : مسلم لیگ ن کے ذرائع کے مطابق مریم نواز شریف کو بھی طبیعت خراب ہونے پر علاج کے لیے سروسز ہسپتال میں داخل کر لیا گیا ہے۔مسلم لیگ ن کے رہنما عطا اللہ تارڑ کے مطابق نواز شریف سے ملاقات کے بعد وہ ’بیہوش ہونے والی تھیں‘۔ ان کے مطابق مریم نواز نے ’بلڈ پریشر میں کمی‘ اور ’سر چکرانے‘ کی شکایت کی تھی۔
یاد رہے کہ بدھ کو مریم نواز شریف کو اپنے والد سے ملنے کے لیے سروسز ہسپتال جانے کی اجازت دی گئی تھی اور جیل سے ہسپتال پہنچنے کے بعد یہ اطلاعات سامنے آئیں کہ انھیں ہسپتال میں داخل کر لیا گیا ہے۔
مریم نواز شریف کی ترجمان عظمہ بخاری کے مطابق مریم نواز شریف کی طبیعت ایک ہفتے سے ناساز تھی اور انھوں نے ‘انفیکش’ کی شکایت کی تھی اور اب ان کے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔عظمہ بخاری کے مطابق جناح ہسپتال کے ڈاکٹر ان کا علاج کر رہے تھے۔
اس سے قبل بدھ کو ہی احتساب عدالت میں پیشی کے موقعے پر مریم نواز نے استدعا کی تھی کہ جیل واپسی پر انھیں ہسپتال میں اپنے والد سے ملاقات کی اجازت دی جائے تاہم عدالت نے مریم نواز کی اس درخواست کو مسترد کر دیا۔مریم نواز کے بقول انھیں ہسپتال میں والد سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔
ادھر معلوم ہوا ہے کہ حکومت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو علاج کیلئے بیرون ملک بھجوانے کا فیصلہ کر لیا۔باوثوق ذرائع نے بتایا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی خراب صحت کے باعث انہیں بیرون ملک بھجوانے کے بارے میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں ڈاکٹرز کی مشاورت کی روشنی میں فیصلہ کیا گیا کہ سابق وزیر اعظم کو بیرون ملک بھجوادیا جائے۔ حکومت نے نواز شریف کے علاج کیلئے متعین میڈیکل بورڈ کے علاوہ آغا خان ہسپتال کراچی کے ڈاکٹرز سے بھی مشاورت کی ۔
ڈاکٹرز سے رائے لینے کے بعد سابق وزیر اعظم نواز شریف کو لندن شفٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہیں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب یا جمعرات کی صبح کو کسی بھی وقت خصوصی طیارے کے ذریعے لندن شفٹ کیا جا سکتا ہے۔ دوسری جانب سابق وزیر اعظم نواز شریف کے سروسز ہسپتال میں مزید ٹیسٹوں اور مرض کی تشخیص کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
خیال رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو پلیٹ لیٹس میں پریشان کن حد تک کمی کے بعد سروسز ہسپتال لاہور منتقل کیا گیا تھا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ ڈاکٹرز کی جانب سے سابق وزیر اعظم کو بار بار پلیٹ لیٹس کی کٹس لگائی جا رہی ہیں لیکن ان کے سفید خلیے بار بار کم ہوجاتے ہیں اور ڈاکٹر ان کی درست تشخیص کرنے سے قاصر ہیں۔