اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ 10 ارب روپے کی پیش کش کرنے والے شخص کا نام وہ عدالت میں بتائیں گے اور اس پاکستانی تاجر کے تحفظ کیلئے عدالت سے درخواست بھی کریں گے۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے اسلام آباد میں پارٹی کے عوامی جلسے سے خطاب کے دوران کہا کہ میں نے سنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے میرے دعوے کے خلاف اربوں روپے ہرجانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میں 10 ارب روپے کی پیش کش کے دعوے پر اب بھی قائم ہوں۔ انھوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کو مافیا قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں اس شخص کا نام عدالت میں پیش کروں گا اور اس کے تحفظ کیلئے عدالت سے درخواست بھی کروں گا تاکہ آپ اس کے خلاف جھوٹے مقدمے قائم کرکے اس کا کاروبار تباہ نہ کرسکیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ میں عدالت کے سامنے دبئی میں بیٹھے اس شخص کا نام بھی بتاؤں گا جس نے مجھے رقم کی پیش کش تھی، جس کے بعد شریف خاندان کے مزید لوگ اس معاملے میں پھنس جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ 10 ارب کی آفر لانے والے کو بھی 2 ارب دینے کی پیشکش کی گئی تھی۔
فیس بک کمینٹ