کارڈف : آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کا پہلا سیمی فائنل بدھ کو کارڈف میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جانا ہے۔
پاکستانی ٹیم کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے بعد جہاں پاکستانی شائقین میں اس میچ کے حوالے سے بہت جوش و خروش پایا جاتا ہے وہیں گلیمورگن کرکٹ کلب کے سربراہ کا کہنا ہے کہ اس میچ کے تمام ٹکٹ پہلے ہی فروخت ہو چکے ہیں اور اس کے ایک تہائی سے زیادہ خریدار انڈین ہیں۔ جی سی سی کے چیف ایگزیکیٹو ہیئو مورس نے کہا کہ ‘جب ہمیں یہ میچ منعقد کروانے کے لیے کہا گیا تو ہمیں علم نہیں تھا کہ کون سی ٹیم اس میں حصہ لے گی لیکن دو مہینے قبل ہی اس میچ کی تمام ٹکٹیں بک گئیں اور انھیں خریدنے والے 38 فیصد افراد انڈین شائقین ہیں۔’ انڈیا کی ٹیم بھی سیمی فائنل میں پہنچی ہے تاہم وہ اپنا میچ 15 جون کو برمنگھم میں کھیلے گی۔ ہیئو مورس نے انڈین شائقین سے گذارش کی ہے کہ اگر وہ میچ دیکھنے کارڈف کے میدان میں نہیں آسکتے تو آئی سی سی کی ویب سائٹ پر ان ٹکٹوں کو ان کی اصل قیمت پر دوبارہ بیچ دیں تاکہ انگلینڈ اور پاکستان کے شائقین یہ ٹکٹ خرید سکیں۔ ادھرچیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان کی مسلسل دو میچوں میں اپنے سے اوپر کے درجے کی ٹیموں کو شکست دینے کے بعد ان کی آئی سی سی کی درجہ بندی میں آٹھویں پوزیشن کے ساتھ ورلڈ کپ تک براہ راست رسائی یقینی ہو گئی ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کی گئی ایک روزہ میچوں کی نئی درجہ بندی کے مطابق آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان نے عالمی نمبر ایک جنوبی افریقہ اور عالمی نمبر سات سری لنکا کو شکست دے کر درجہ بندی میں تین پوائنٹس حاصل کر لیے اور اب ان کے 91 پوائنٹس ہیں۔ ایک روزہ میچوں میں پاکستان بدستور آٹھویں نمبر پرہے ۔ دوسری جانب ویسٹ انڈیز اور افغانستان کے درمیان جاری ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں میزبان ویسٹ انڈیز کی پہلے ایک روزہ میچ میں افغانستان کے ہاتھوں شکست کے باعث اب ان کے پوائنٹس کی تعداد گر کر 77 ہو گئی ہے جس کے بعد پاکستان اور ان کے درمیان 14 پوائنٹس کا فرق ہو گیا ہے۔ واضح رہے کہ ستمبر 30 تک آئی سی سی کی درجہ بندی میں پہلی آٹھ ٹیمیں اگلے ورلڈ کپ میں براہ راست رسائی حاصل کر سکیں گی۔
ا
فیس بک کمینٹ