کراچی : چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں روایتی حریف انڈیا کو ہرانے کے بعد وطن واپسی پر پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں کا شاندار استقبال کیا گیا۔ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ حسن علی جب رات کے ڈھائی بجے لاہور کے علامہ اقبال ہوائی اڈے پر پہنچے تو انھیں پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور ان کی گاڑی پر گلاب کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ ہوائی اڈے پر لوگوں کی بڑی تعداد نے کھلاڑیوں کا پرتپاک استقبال کیا اور انھیں گلدستے پیش کیے گئے۔ صوبائی وزیر رانا مشہود استقبال کے لیے ہوائی اڈے پر موجود تھے۔ قومی ٹیم کے بلےباز بابر اعظم، کی گاڑی بھی گلاب کی پتیوں سے ڈھک گئی۔ بابر اعظم نے فائنل میچ میں انڈیا کے خلاف 46 رنز کی اہم اننگز کھیلی تھی۔ اس موقعے پر سکیورٹی کے انتظامات لوگوں کی بڑی تعداد کی وجہ سے دھرے کے دھرے رہ گئے اور پرجوش شائقین لاؤنج کے اندر پہنچ گئے۔ دھکم پیل کی وجہ سے کھلاڑیوں کو صحیح طریقے سے گارڈ آف آنر بھی نہیں دیا جا سکا۔ چیمپینز ٹرافی کی فاتح پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد جب ٹرافی کے ساتھ کراچی پہنچے تو نہ صرف کراچی کے ایئرپورٹ پر ان کا زبردست استقبال کیا گیا بلکہ ان کے گھر کے باہر ہزاروں کی تعداد میں شائقین نے ان کی آمد پر خوشی کا اظہار کیا۔ سرفراز احمد اپنے ساتھی کرکٹر رومان رئیس کے ساتھ کراچی پہنچے۔ ہوائی اڈے پر گورنر سندھ محمد زبیر اور میئر کراچی وسیم اختر ان کے استقبال کے لیے موجود تھے۔ ایئرپورٹ کے باہر بھی شائقین کی بڑی تعداد سرفراز احمد کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے موجود تھی جو پاکستان زندہ باد کے نعرے لگارہے تھے۔ایئرپورٹ سے گھر پہنچنے میں سرفراز احمد کو دو گھنٹے لگ گئے کیونکہ ایئرپورٹ سے باہر سڑکوں پر بھی لوگوں کی ایک بڑی تعداد انہیں خوش امدید کہنے کے لیے موجود تھی۔ کپتان سرفراز احمد نے اس موقعے پر کہا کہ ’مجھے امید ہے کہ یہ فتح بھلائی نہیں جا سکے گی اور ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔‘ سرفراز احمد کراچی کے علاقے بفرزون میں رہتے ہیں۔ پاکستانی ٹیم کی فائنل میں جیت کے بعد سے ہی ان کے گھر کے باہر شائقین اپنی خوشی کا اظہار کرنے کے لیے جمع ہوگئے تھے اور سرفراز احمد کی آمد سے پہلے ہی ان کے گھر اور گلی کو ان کی تصویر اور روشنیوں سے سجا دیا گیا تھا۔ سرفراز کی بالکنی میں آمد کے بعد شائقین نے جب ’موقع موقع‘ گانا شروع کیا تو سرفراز نے لہرا لہرا کر ان کا ساتھ دیا۔ فائنل میچ کے مردِ میداں فخر زمان پشاور ہوائی اڈے پر اترنے کے بعد اپنی آبائی علاقے مردان پہنچے تو ان کا بھی پرجوش استقبال کیا گیا۔
فیس بک کمینٹ