جمیکا : جمیکا کے سبائنا پارک سٹیڈیم میں وراٹ کوہلی نے ٹنڈولکر کا ایک اور ریکارڈ توڑ دیا۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے انڈیا کو 206 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے تعاقب میں انڈیا کی پہلا وکٹ محض پانچ رن پر گر گئی تھی۔ شکھر دھون کے پویلین لوٹنے کے بعد وراٹ کوہلی کریز پر اترے۔کوہلی نے 115 گیندوں پر 12 چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 111 رنز بنا کر میچ کے ساتھ ساتھ انڈیا کو سیریز میں بھی کامیابی دلوا دی۔ کوہلی کی یہ سنچری ان کے کیریئر کی 28 ویں سنچری تھی۔ ون ڈے میں سنچری بنانے کے لحاظ سے وہ مجموعی طور پر تیسرے نمبر پر ہیں۔ سچن ٹندولکر کی 49 اور رکی پونٹنگ کی 30 سنچریوں کے بعد ان کا نمبر آتا ہے۔ یہ کسی ون ڈے میچ میں ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے کوہلی کی 18 ویں سنچری تھی اور وہ اس لحاظ سے سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے بلے باز بن گئے ہیں۔ ان سے پہلے ہدف کے تعاقب میں سب سے زیادہ سنچریاں سکور کرنے کا ریکارڈ سچن ٹندولکر کے نام تھا، جنھوں نے 17 بار یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔ اہم بات یہ بھی ہے کہ وراٹ کوہلی نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے جو 18 سنچریاں بنائی ہیں، ان میں سے 16 میچوں میں انڈیا کی ٹیم جیت حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ وراٹ کوہلی اگر اسی رفتار سے سنچری بناتے رہے تو آنے والے دنوں میں وہ ون ڈے کرکٹ میں سنچریوں کے تمام ریکارڈ اپنے نام کر سکتے ہیں۔
فیس بک کمینٹ