ریاض : سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ میں واقع ایک ہوٹل کو آتشزدگی کے بعد خالی کرالیا گیا۔خیال رہے کہ حج کی ادائیگی کے لیے ان دنوں لاکھوں فرزندان اسلام مکہ میں موجود ہیں اور ہر سال لاکھوں مسلمان ذوالحج کے مہینے میں مذہبی فریضے کی ادائیگی کے لیے یہاں آتے ہیں۔فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے سعودی سول ڈیفنس کے ترجمان نائف الشریف کے حوالے سے بتایا کہ آتشزدگی کا واقعہ ضلع مکہ کے العزیزیہ ہوٹل کی 8ویں منزل پر پیش آیا جہاں ایئر کنڈیشن یونٹ میں آگ لگ گئی۔ترجمان سول ڈیفنس کا کہنا تھا کہ آتشزدگی کے نتیجے میں کسی شخص کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات نہیں ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ ہوٹل سے 600 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا، جن میں بیشتر ترکی اور یمنی حجاج ہیں۔یاد رہے کہ گذشتہ ماہ سعودی عرب میں ایک مکان میں ہونے والی آتشزدگی میں 11 مزدور جھلس کر ہلاک ہوگئے تھے۔
فیس بک کمینٹ