دبئی : پاکستان کے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف نے الزام عائد کیا ہے کہ سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو اور ان کے بھائی مرتضیٰ بھٹو کے قتل کے ذمہ دار ان کے شوہر آصف علی زرداری ہیں۔خیال رہے کہ پرویز مشرف نے یہ بیان ایک ایسے وقت پر دیا ہے جب لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ نے بے نظیر بھٹو کے قتل کے مقدمے کے فیصلے کے خلاف آصف علی زرداری کی تین اپیلوں کو منظور کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کیے ہیں۔پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں جب جنرل پرویز مشرف نے بینظیر بھٹو کے قتل کا الزام آصف زرداری پر عائد کیا ہو۔ انہوں نے کہا کہ ‘پرویز مشروف کی جانب سے یہ الزام اپیل کی منظوری کے بعد سامنے آیا ہے اور انھوں نے توجہ حاصل کرنے کے لیے میڈیا میں نیا شوشہ چھوڑا ہے‘۔رواں ماہ کے آغاز میں ہی سابق فوجی آمر پرویز مشرف کو جو کہ اس وقت دبئی میں مقیم ہیں، بینظیر قتل کیس میں راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے اشتہاری قرار دیا تھا۔فیصلے میں زیر حراست پانچ مرکزی ملزمان کو بری کرتے ہوئے دو پولیس افسران کو مجرمانہ غفلت برتنے پر 17 برس قید اور جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی۔سزا یافتہ پولیس افسران نے بینظیر قتل کیس کا فیصلہ چیلنج کر دیا۔ پرویز مشرف نے کہا کہ اس پیغام میں وہ بینظیر کے بچوں، خاندان، سندھ کے لوگوں اور ملک کے عوام سے مخاطب ہیں۔انھوں نے کہا کہ وہ اپنا ایک تجزیہ بتانا چاہتے ہیں کہ بینظیر کا قاتل کون ہے؟’میں سمجھتا ہوں کہ تمام بھٹو فیملی کی تباہی کا باعث اور بھٹو فمیلی میں مرتضیٰ بھٹو اور بے نظیر بھٹو کے قتل کا ذمہ دار ایک آدمی ہے، آصف زرداری۔ دونوں کو اس نے قتل کروایا ہے۔’
(بشکریہ:بی بی سی اردو)
فیس بک کمینٹ