کراچی : نام ور شاعر رسا چغتائی جمعہ کی شب کراچی میں انتقال کر گئے ۔ رسا چغتائی کی عمر نوے برس تھی ۔ وہ 1928 میں ریاست جے پور کے علاقے سوائے میں پیدا ہوئے ، ان کا اصل نام مرزا محتشم بیگ او قلمی نام رسا چغتائی تھا ۔ رسا چغتائی قیام پاکستان کے بعد 1950 میں کراچی آ گئے اور پھر یہیں سکونت اختیار کی ۔ رسا چغتائی اردو غزل کا معتبر حوالہ تھے ، ان کے شعری مجموعوں میں ۔ ریختہ ، زنجیر ہمسائیگی ، چشمہ ٹھنڈے پانی کا ، تیرے آنے کا انتظار رہا اور تصنیف قابل ذکر ہیں ۔ رسا چغتائی روزنامہ حریت سے بھی وابستہ رہے ، حکومت پاکستان نے انہیں 2001 ء میں تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا ۔
رسا چغتائی کے چند اشعار
تیرے آنے کا انتظار رہا
عمر بھر موسم بہار رہا
سنتے آئے تھے قصہء مجنوں
اب جو دیکھا تو واقعہ نکلا
گرمی اس کے ہاتھوں کی
چشمہ ٹھنڈے پانی کا
پاس اپنے اک جان ہے سائیں
باقی یہ دیوان ہے سائیں