لاہور : پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنی تیسری شادی کی خبروں کے حوالے سے پہلی بار براہِ راست تبصرہ کرتے ہوئے سلسلہ وار ٹویٹس کی ہیں۔منگل کو عمران خان نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’گذشتہ تین دن سے میں سوچ رہا ہوں کہ کیا میں نے کوئی بینک لوٹا ہے یا قوم کے پیسے کی منی لانڈرنگ کی ہے، یا ماڈل ٹاؤن کی طرز کے قتلِ عام کا حکم جاری کیا ہے یا قومی راز انڈیا کو افشا کیے ہیں؟ میں نے ایسا کچھ بھی نہیں کیا مگر مجھ پر آشکار ہوا کہ میں نے اس سے بھی بڑا جرم کیا ہے اور وہ ہے شادی کرنے کی چاہت۔’عمران خان کی تیسری شادی اخبار دی نیوز کی ایک رپورٹ کے بعد سے پاکستانی میڈیا اور سوشل میڈیا پر ایک بڑا موضوع بنا رہا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ عمران خان نے سالِ نو کے موقع پر تیسری شادی کی ہے۔ابتدا میں پی ٹی آئی کے کچھ رہنماؤں نے اس کی سختی سے تردید کی تھی جبکہ بعض نے فقط یہ کہا تھا کہ شادی عمران خان کا ذاتی معاملہ ہے۔ اس کے بعد سات جنوری کو عمران خان کے ترجمان نے ایک وضاحتی بیان میں بتایا تھا کہ پارٹی کے چیئرمین نے بشریٰ مانیکا نامی خاتون کو شادی کا پیغام دیا ہے اور وہ ان کے جواب کے منتظر ہیں۔عمران خان نے اپنی ٹویٹس میں جنگ گروپ کے مالکان اور سابق وزیرِاعظم نوازشریف پر "گٹر میڈیا اور مذموم مہم’ کی سرکردگی کا الزام عائد کیا اور لکھا کہ انہیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔’مگر ساتھ ہی اگلی ٹویٹ میں لکھا کہ انھیں ’بشری بیگم کے بچوں اور ان کے قدامت پسند خاندان کے حوالے سے خدشات ہیں‘ جنہیں عمران خان کے بقول اس مذموم مہم کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔عمران خان نے جنگ گروپ کے مالک میر شکیل الرحمان اور سابق وزیراعظم نواز شریف پر شدید تنقید کی۔عمران خان نے الزام عائد کرتے ہوئے لکھا ’میں شریف خاندان کو 40 سال سے جانتا ہوں اور ان کی گھناؤنی ذاتی زندگیوں کے بارے میں سب جانتا ہوں مگر میں یہ ساری گھناؤنی تفصیلات افشا کرنے کی نیچ سطح تک کبھی نہیں جاؤں گا۔’ عمران خان نے اپنے خیر خواہوں اور حامیوں سے دعا کی درخواست کی
یاد رہے کہ کوٹ مومن میں جلسے کے دوران مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز سے جب ایک اینکر نے اس شادی کی خبر پر تبصرہ کرنے کو کہا تو انھوں نے کہا کہ وہ ’ذاتی زندگی پر تبصرہ نہیں کریں گی۔‘آخر میں عمران خان نے اپنے خیر خواہوں اور حامیوں سے درخواست کی کہ وہ ’دعا کریں کہ مجھے ذاتی زندگی میں وہ خوشی ملے جس سے میں کچھ برسوں کے علاوہ محروم رہا ہوں۔‘خیال رہے کہ عمران خان ماضی میں دو مرتبہ رشتۂ ازدواج میں بندھ چکے ہیں اور ان کی یہ دونوں شادیاں طلاق پر منتج ہوئیں۔ انھوں نے پہلی شادی سنہ 1995 میں برطانوی شہری جمائما گولڈ سمتھ سے کی تھی جو سنہ 2005 میں ختم ہو گئی تھی۔اس کے بعد سنہ 2014 میں عمران خان نے ٹی وی میزبان ریحام خان سے شادی کی جو دس ماہ ہی چل سکی تھی۔
فیس بک کمینٹ