کوئٹہ : وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری وزارتِ اعلیٰ کے عہدے سے مستعفی ہو گئے ۔انہوں نے گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی کو استعفیٰ پیش کیا جو انہوں نے منظور کر لیا ۔واضح رہے کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے گزشتہ روز کوئٹہ کا دورہ کیا تھا اور ناراض ارکان کو منانے میں ناکامی کے بعد وزیر اعلیٰ کو مستعفی ہونے کا مشورہ دیا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے نواب ثناءاللہ زہری نے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی (پی کے میپ) کے سربراہ محمود خان اچکزئی سے بھی ملاقات کی تھی جنہوں نے وزیر اعلیٰ کو مستعفیٰ ہونے کا مشورہ دیا تھا۔خیال رہے کہ ثناء اللہ زہری کے خلاف 9 جنوری کو بلوچستان اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد پیش کی جانی ہے، جسے ناکام بنانے کے لیے وزیر اعلیٰ نے مختلف ارکان سے رابطہ کیا تھا لیکن وہ صرف 20 ارکان کو حمایت کے لیے راضی کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔بلوچستان کے وزیراعلیٰ نواب ثناءاللہ زہری کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے والے مسلم لیگ (ن) کے ناراض قانون سازوں کو منانے کے لئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا دورہ کوئٹہ کانامی سے دوچار ہوگیا تھا۔واضح رہے کہ بلوچستان کے سابق وزیرداخلہ سرفراز بگٹی کی قیادت میں درجن بھر سے زائد مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے اراکینِ اسمبلی نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کی تھی۔دوسری جانب بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مولانا واسع نے کہا تھا ’وزیراعظم شاہد خاقان عباسی مایوس آئے تھے اور مایوس ہی لوٹ گئے‘۔
فیس بک کمینٹ