کوئٹہ :بلوچستان اسمبلی کے قریب زرغون روڈپر زوردار دھماکے کے نتیجے میں 6 پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ اہلکاروں سمیت 15 افراد زخمی ہوگئے۔زرغون روڈ پر زور دار دھماکے سے چند سو میٹر کے فاصلے پر واقع صوبائی اسمبلی اور اطراف کی عمارتیں لرز اٹھیں، جبکہ سیکیورٹی اہلکار اور امدادی ٹیمیں دھماکے کی جگہ پہنچ گئیں۔جی پی او چوک پر دھماکے میں پولیس کے ٹرک کو نشانہ بنایا گیا۔پولیس و ہسپتال ذرائع کے مطابق دھماکے میں سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 15 افراد زخمی ہوئے جنہیں سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا جہاں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، جبکہ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر کسی غیر متعلقہ شخص کو ہسپتال میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔دھماکے کے وقت بلوچستان اسمبلی کے اراکین اجلاس ختم ہونے کے بعد عمارت سے باہر نکل رہے تھے، جبکہ اسمبلی اجلاس کے باعث سیکیورٹی کے بھی غیر معمولی انتظامات کیے گئے تھے۔
فیس بک کمینٹ