کابل:کابل میں ملٹری اکیڈمی پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا ہے۔برطانوی میڈیا کے مطابق کابل میں آج دہشت گردی کا ایک اور واقعہ پیش آیا ہے جس میں مارشل فہیم نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔افغان میڈیا ذرائع کاکہناہے کہ ایک حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جبکہ افغان سیکیورٹی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ کچھ حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا گیا ہے اور ایک نےخودکش دھماکا بھی کیا ہے۔ترجمان افغان وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ حملہ آور مارشل فہیم ملٹری اکیڈمی میں داخل نہیں ہوسکے۔ان کے ساتھ مقابلے میں 3 افغان فوجی بھی زخمی ہوئے ہیں۔برطانوی میڈیا ذرائع کے مطابق اس وقت دہشت گردوں کی جانب سے کارروائی جاری ہے اور ملٹری اکیڈمی کے اندر سے دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں سنی جارہی ہیں۔ذرائع کے مطابق افغانستان میں ایک ہفتے کے دوران ہونے والا یہ تیسرا حملہ ہے۔واضح رہے کہ یہ افغانستان کی مرکزی ملٹری اکیڈمی ہے،جہاں گذشتہ برس اکتوبر میں بھی ایک خودکش بمبار نے دھماکہ خیز مواد سے بھری ایک بس ڈیفنس یونیورسٹی کے کیڈٹس کو لے جانے والی بس سے ٹکرا دی تھی، جس کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
فیس بک کمینٹ