کرائسٹ چرچ : پاکستان اور بھارت کے نوجوان کرکٹرز منگل کو انڈر نائنٹین کرکٹ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں مد مقابل ہورہے ہیں۔ان دونوں کے درمیان کرائسٹ چرچ میں ہونے والے اس سیمی فائنل کا فاتح تین فروری کو ہونے والے فائنل میں آسٹریلیا کا مقابلہ کرے گا۔پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیمیں کسی بھی سطح پر آمنے سامنے آئیں روایتی حریفوں کے درمیان جوش و جذبہ اپنے عروج پر ہوتا ہے۔
بھارتی انڈر نائنٹین ٹیم کے کوچ راہول ڈراوڈ اس جوش وجذبے کو محسوس کرتےہوئے کہتے ہیں کہ گذشتہ کچھ عرصے سے انڈیا اور پاکستان کی ٹیموں کو ایک دوسرے کے سامنے آنے کا موقع نہیں مل سکا ہے لہٰذا یہ سیمی فائنل ان نوجوان کرکٹرز کے لیے بہت اہم ہوگا ۔پاکستانی ٹیم کے منیجر سابق ٹیسٹ کرکٹر ندیم خان اپنے کرکٹرز کو پاک بھارت کرکٹ کے روایتی دباؤ کے بغیر میدان میں دیکھنا چاہتے ہیں۔ندیم خان کا کہنا ہے کہ افغانستان کے خلاف پہلے میچ کی شکست کے بعد نوجوان کرکٹرز نے اگلے میچوں میں جس طرح اپنی کارکردگی بہتر بنائی وہ خوش آئند ہے۔
ندیم خان پاکستانی نوجوان کرکٹرز کے مستقبل سے بہت زیادہ پرامید ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ موجودہ ٹیم میں شامل تینوں فاسٹ بولرز اور دو تین بیٹسمین فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے کے لیے بالکل تیار ہیں لیکن وہ اس بات کے قطعاً حق میں نہیں ہیں کہ ان نوجوان کرکٹرز کو انڈر نائنٹین سے براہ راست انٹرنیشنل کرکٹ کھلادی جائے جیسا کہ ماضی میں ہوچکا ہے۔
فیس بک کمینٹ