اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے پی ٹی وی کے سابق چیئرمین اور معروف کالم نگار عطاءالحق قاسمی کو طلب کرلیا۔عدالت عظمیٰ نے ان کی غیرقانونی تقرری کے حوالے سے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اگرانہو ں نے غیرقانونی طورپر پی ٹی وی سے تنخواہ وصول کی ہے تو انہیں واپس کرناپڑے گی۔جمعہ کے روز سپریم کورٹ کے دورکنی بنچ نے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں پی ٹی وی کے معاملات کاجائزہ لیا۔سماعت کے دوران فاضل عدالت کو بتایاگیا کہ عطاءالحق قاسمی نے دوسال کے دوران پی ٹی وی سے 27کروڑ 80لاکھ روپے تنخواہ وصول کی۔عدالت عظمیٰ نے ریمارکس دیئے کہ اگر بے ضابطگی ثابت ہوگئی تو عطاءالحق قاسمی کو یہ رقم واپس کرنا پڑے گی۔عدالت عظمیٰ نے اس سلسلے میں سابق وزیراطلاعات پرویز رشید ،وزیراعظم کے سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد ،ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات ونشریات صباءمحسن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ عدالت عظمیٰ کو عطاءالحق قاسمی کی تقرری کے حوالے سے تفصیلات فراہم کریں۔عطاءالحق قاسمی کو 23دسمبر2015ءکو پی ٹی وی کا چیئرمین مقرر کیاگیاتھا۔اپریل 2017ءمیں انہوں نے پی ٹی وی کے منیجنگ ڈائریکٹر کاعہدہ بھی حاصل کرلیاتھا۔مقدمے کی سماعت 12فروری تک ملتوی کردی گئی۔
فیس بک کمینٹ