حیدر آباد : بائیں بازو کے نامور دانش ور اور سیاست دان کامریڈ جام ساقی دنیا سے رخصت ہوگئے۔ ۔جام ساقی پاکستان میں عوامی جدوجہد کرنے والوں میں سر فہرست تھے ۔ غیرطبقاتی سماج کے لیے جہد مسلسل کرنے والے جام ساقی نے کبھی مفاہمت نہیں کی اور نہ ہی کبھی اپنے نظریئے اور اصولوں کو قربان کیا۔ وہ پاکستان کی عوامی تاریخ کا ایک ایسا کردارہیں جو آ ج نہیں توکل اس دھرتی میں انقلاب کا تسلسل ثابت ہوں گے۔ان کے اہل خانہ سے تعلق رکھنے والے قریبی ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ جام ساقی کا انتقال گردوں کے فیل ہوجانے کے باعث ہوا۔ذرائع نے بتایا کہ انہیں گردوں کے علاوہ مختلف امراض لاحق تھے جن میں دل کا عارضہ اور ذیابطیس بھی شامل ہیں۔مرحوم کے اہل خانہ کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ ان کی تدفین حیدر آباد میں کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سینیئر سیاستدان کامریڈ جام ساقی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ جام ساقی نے آمریت اور آمروں کے خلاف آواز بلند کی جبکہ جام ساقی عوامی جدوجہد کرنے والوں کے لیے ایک مثال بن کر ابھرے۔وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ جام ساقی کی جمہوریت کے لیے گراں قدر کاوشوں اور جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر عطا فرمائے۔
فیس بک کمینٹ