اسلام آباد: ایوان بالا میں 52 ارکان کی مدت پوری ہونے کے بعد نومنتخب 51 سینیٹرز نے عہدے کا حلف اٹھالیا۔سینیٹ اجلاس میں پریزائڈنگ افسر یعقوب ناصر نے تمام نو منتخب ارکان سے حلف لیا، جس کے بعد سینیٹ کی تمام قائمہ کمیٹی اور خصوصی کمیٹیاں تحلیل ہوگئی۔نومنتخب ارکان کے حلف کے بعد چیئرمین سینیٹ کے لیے اپوزیشن جماعتوں کے حمایت یافتہ امیدوار صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے سلیم مانڈوی والا نے نے نامزدگی فارم بھر دیا جبکہ حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کی جانب سے راجا ظفر الحق کو چیئرمین سینیٹ کے امیدوار کے طور پر نامزد کردیا گیا، جس کے کچھ دیر بعد سینیٹ اجلاس ملتوی کردیا جائے گا۔سینیٹ کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب کے لیے سینیٹ کا اجلاس دوبارہ 4 بجے منعقد کیا جائے گا، جس میں خفیہ بیلیٹ کے ذریعے رائے شماری ہوگی اور نتائج کا اعلان کیا جائے گا، جس کے بعد چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین حلف اٹھائیں گے۔واضح رہے کہ سینیٹ کی کل نشستوں کی تعداد 104 ہے، جن میں سے چیئرمین سینیٹ کی کامیابی کے لیے 53 ارکان کے ووٹ درکار ہوتے ہیں۔
فیس بک کمینٹ