کراچی : پاکستان سپرلیگ تھری کا فائنل آج شام اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جا رہا ہے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق کے کھیلنے کا امکان بہت کم ہے۔ کراچی کنگز کے خلاف لیگ میچ میں ٹائمل ملز کی ایک تیز گیند کلائی پر لگنے سے انہیں ہیئر لائن فریکچر ہوگیا تھا اور وہ پلےآف نہیں کھیل سکے تھے ۔ان کی غیرموجودگی میں جے پی ڈومینی نے قیادت کی ذمہ داری سنبھالی تھی۔اسلام آباد یونائئٹڈ اور پشاور زلمی دونوں ایک ایک مرتبہ پی ایس ایل جیت چکی ہیں۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے 2016 میں پہلی پی ایس ایل جیتی تھی۔ فائنل میں اس نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دی تھی۔گذشتہ سال کھیلی گئی پی ایس ایل میں پشاور زلمی فاتح رہی تھی۔ فائنل ہارنے والی ٹیم ایک بار پھر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز تھی۔اس بار اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست رہی۔ اس نے دس میں سے سات میچز جیتے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے دبئی میں کھیلے گئے پلے آف میں کراچی کنگز کو آٹھ وکٹوں سے شکست دی تھی۔پشاور زلمی کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر رہنے کی وجہ سے پہلا ایلیمنیٹر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف کھیلی تھی جس میں اس نے ڈرامائی انداز میں صرف ایک رن سے کامیابی حاصل کی تھی۔پشاور زلمی نے دوسرے ایلیمنیٹر میں کراچی کنگز کو تیرہ رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔دونوں ٹیمیں خاصی متوازن اور ہم پلہ دکھائی دیتی ہیں۔
فیس بک کمینٹ